الریاض//
چین کے صدر شی جن پنگ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین کے جلد، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ توئٹر پر بتایا کہ چین فلسطین دوستی دونوں ممالک کے عوام کو بہت عزیز ہے۔ دونوں فریقوں نے ہمیشہ ایک دوسرے پر بھروسہ اور ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ چین فلسطینی قوم کے جائز حقوق اور مفادات کی بحالی کے لیے ان کے منصفانہ مقصد کی ہمیشہ بھر پور حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے گزشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی۔
جہاں چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا سعودی عرب کا دورہ عرب دنیا کے ساتھ چین کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا عرب دنیا ترقی پذیر ممالک کی صفوں کا ایک اہم رکن ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی صدر آج بھی عرب لیڈروں سے ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں کے ایجنڈے میں چھ رکنی خلیج تعاون کونسل کے ساتھ ساتھ ایک وسیع تر چین عرب سربراہی اجلاس کے آغاز پر بات چیت بھی شامل ہے۔