بانڈی پورہ//
وادی کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل(ڈی ڈی سی) کے انتخابات کے حیران کن نتائج میں، نیشنل کانفرنس اپنے روایتی گڑھ حاجن اے حلقہ ‘ جو سوناواری اسمبلی حلقہ کا حصہ ہے، تیسرے نمبر پر آ گئی، جبکہ بی جے پی شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے درگمولہ میں پی ڈی پی کے حمایت یافتہ امیدوار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جہاں پارٹی نے دو سیٹیں جیتی تھیں۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیشنل کانفرنس حاجن ،اے ڈی ڈی سیٹ پر تیسرے نمبر پر رہی، جو سوناواری اسمبلی حلقہ میں آتی ہے۔
نیشنل کانفرنس کا گڑھ سمجھے جانے والے سونا واری ۲۰۰۲ سے جموں و کشمیر اسمبلی میں پارٹی کی طرف سے تین بار نمائندگی کر چکی ہے۔
محمد اکبرلون اس وقت بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ان کے بیٹے ہلال اکبر لون، جنہیں سوناواری حلقہ کے حلقہ انچارج کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، ان کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کیلئے سرگرمی سے مہم چلا رہے تھے۔
ایک اور حیران کن نتیجہ میں پی ڈی پی کی حمایت یافتہ امیدوار رفعت جان نے بی جے پی امیدوار شکیلہ اختر سے کم ووٹ حاصل کیے۔جہاں رفعت نے ۶۱۲ ووٹ حاصل کیے، وہیں بی جے پی کے امیدوار نے ۸۷۷ ووٹ حاصل کئے۔
دریں اثناسٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے آج کشمیر میں دو ضلعی ترقیاتی کونسل کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ کے عمل کو یقینی بنانے اور ووٹ شماری کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کی کوششوں کی تعریف کی۔
سٹیٹ الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ وادی میں سردی کی صورتحال کے باوجود ووٹ شماری اور اس سے متعلقہ کاموں سے وابستہ اَفسران نے غیر معمولی طور پر اَپنے فرائج اَنجام دئیے تاکہ نتائج کے اعلان کے لئے ہر سیاسی پارٹی اور لوگوں کو یکساں اطمینان حاصل ہو۔ اُنہوں نے تمام ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ووٹ شماری کے عمل کے لئے کئے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے اِنتخابی عمل کو خوش اَسلوبی سے اَنجام دینے کو بھی یقینی بنایا۔
ڈی ڈی سی حلقہ کپواڑہ میں درگمولہ کی آزاد اُمید وار آمنہ مجید ( اِنتخابی نشان ٹرک) نے ڈی ڈی سی نشست درگمولہ ۳۹ ووٹوں سے جیتی۔
ریٹرننگ آفیسر ، ڈی ڈی سی حلقہ درگمولہ کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق آزاد اُمید وار آمنہ مجید ( اِنتخابی نشان ٹرک) نے۳۲۵۹ ووٹ حاصل کئے ۔ اس کے بعد پی ڈی پی اُمید وار شبنم رحمان ( اِنتخابی نشان قلم او رسیاہی ) نے ۳۲۲۰ ووٹ حاصل کئے۔
یہ بات قابل ذِکر ہے کہ درگمولہ حلقہ کپواڑہ ضلع میں۷۳ء۳۲ فیصد ووٹ ڈالے گئے جہاں پولنگ ہوئی تھی۔
ڈی ڈی سی درگمولہ کیلئے۴۲ پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے جن کی شرح ۷۳ء۳۲ تھی۔ کل۳۲۷۶۸ ووٹروں کے مقابلے میں۱۰۷۲۴ ووٹ ڈالے گئے جس میں۵۶۲۴ مرد اور ۵۱۰۰ خواتین نے اَپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
حاجن۔اے میں محترمہ ناز ہ آزاد ( نشان۔ہیلی کاپٹر) نے۲۷۰۶ ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ۔ اِس کے بعد پیپلز کانفرنس کی عتیقہ بیگم ( نشان۔ایپل) نے۲۲۸۳ووٹ حاصل کئے۔
حاجن ۔اے کے۵۷پولنگ سٹیشنوں میں۳۳ء۵۳فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔ کل ۱۶۳۱۳میں سے ۸۶۶۹ ووٹروں نے اَپنا حق رائے دہی کا اِستعمال کیا۔اِس میں ۸۵۶۵ میں سے۴۷۱۷ مرد اور۷۷۴۸ میں سے۳۹۸۲ خواتین نے ووٹ ڈالے۔