لاہور//
پاکستان کے پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم اردو فلکس کی جانب سے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا ٹاک شو ’’دی مرزا ملک شو ‘‘نشر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔قسط وار اس شو کی تاحال کوئی تاریخ تو سامنے نہیں آئی ہے مگر اردو فلکس کی جانب سے اس شو کو رواں ماہ میں دسمبر میں نشر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اردو فلکس کی انسٹاگرام پوسٹ پر شو کے پوسٹر پر رواں ماہ کا نام درج ہے۔اس پوسٹ کے کیپشن میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کو ٹیگ بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کرکٹر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کی خبریں چند ہفتوں سے گرم ہیں، ان کی علیحدگی اور طلاق تک کے بارے میں شہ سرخیاں لگیں لیکن جوڑے نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر تصدیق کی اور نا ہی تردید کی ہے۔
اس دوران ثانیہ مزرا سوشل میڈیا پر بیٹے کے ساتھ اکیلے میں مسلسل پوسٹ لگاتی رہیں۔حال ہی میں انہوں نے بیٹے کے ساتھ ایک پوسٹ لگائی جس میں انہوں نے بیٹے اذہان کو اپنی کل کائنات قرار دیا ۔حال ہی میں کرکٹر شعیب ملک نے پہلی مرتبہ بیٹے کے ساتھ اکیلے میں اپنی ایک پوسٹ لگائی۔ جوڑے کے قریبی ذرائع کا دعوی ہے کہ شعیب ثانیہ کے تعلقات پہلے جیسے نہیں رہے، دونوں میں علیحدگی ہو چکی ہے، کچھ قانونی معاملات اور معاہدوں کی وجہ سے فوری طور پر اعلان نہیں کیا جا رہا ہے۔اس جوڑی کے قریبی ذرائع کے مطابق شعیب اور ثانیہ بیٹے کی کو پیرنٹ کے طور پر ساتھ رہ رہے ہیں۔