چندی گڑھ/۵ دسمبر
پنجاب کے دو شہری پیر کو ایک کشمیری شخص کی مدد کےلئے آگے آئے جس کی سیب کی پیٹیاںفتح گڑھ صاحب ضلع میں ٹرک الٹنے کے بعد چوری ہو ئی تھیں۔
پٹیالہ کے راجویندر سنگھ اور موہالی کے گروپریت سنگھ نے جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور کے رہنے والے شاہد کو 9.12 لاکھ روپے کا چیک دیا تاکہ اس کے نقصان کی تلافی کی جا سکے۔
ہفتہ کو فتح گڑھ صاحب ضلع میں دہلی امرتسر ہائی وے پر پھلوں سے لدے ٹرک کے الٹ جانے کے بعد گاو¿ں والوں اور راہگیروں نے سیب کی1,200پیٹیاں چوری کر لی تھیں۔
ٹرک سرینگر سے بہار جا رہا تھا۔سیب کی پیٹیاں لے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
راجویندر سنگھ اور گرپریت سنگھ نے پولیس سے رابطہ کیا اور ٹرک کے مالک کو ہونے والے نقصان کی تلافی کی خواہش ظاہر کی۔
راجویندر سنگھ نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آتا کہ کچھ لوگ حادثے کا شکار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی مدد کرنے کے بجائے سیب کے ڈبے چرانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا جو پنجاب میں پیش آیا۔
سنگھ کاکہنا تھا”ہم لوگوں کو پنجابیت کا ایک اچھا پیغام دینا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
گرپریت سنگھ نے بتایا کہ ٹرک کے مالک کو 9.12 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا تھا۔
ٹرک کے مالک شاہد نے کہا کہ جب اس نے سیب کے ڈبے چوری ہونے کی ویڈیو دیکھی تو اسے بہت برا لگا، یقین نہیں آرہا کہ یہ پنجاب ہو گا جہاں لوگ ہر وقت مدد کے لیے آگے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں تعلیم حاصل کی ہے اور وہ جانتے ہیں کہ یہاں کے لوگ مدد کی پیشکش کےلئے جانے جاتے ہیں۔
شاہد نے 9.12 لاکھ روپے کا چیک دینے کے لیے دونوں پنجابی شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، فتح گڑھ صاحب رجوت گریوال نے کہا کہ سیب چوری کرنے کے سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔