نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کو مضبوط بنانے کے لیے بحریہ اور کوسٹ گارڈ کو جدید ترین جنگی جہازوں اور ہتھیاروں سے لیس کیا جا رہا ہے ۔
جمعہ کو ممبئی میں وزارت دفاع سے منسلک پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے زور دیا کہ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس لیے بحریہ اور کوسٹ گارڈ کومضبوط بنایا جا رہا ہے ۔
بحریہ کی فائر پاور کو بڑھانے میں شپ یارڈ کے ذریعے ادا کیے گئے اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ تمام شپ یارڈس نے وقت پر معیاری مصنوعات فراہم کی ہیں، جس کی وجہ سے ملک دفاعی شعبے میں تیزی سے خود کفالت کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں دیسی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کو فروغ دینے کے لیے سرجن پورٹل کے آغاز کے بعد سے اس پورٹل پر شپ یارڈ کے 783 آلات دستیاب ہیں جو پہلے بیرون ملک سے درآمد کیے گئے تھے ۔
وزیردفاع نے یقین ظاہر کیا کہ شپ یارڈ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد جلد ہی برآمدات شروع کر دے گا۔