چنئی// قانون و انصاف کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے جمعہ کو کہا کہ تمل جلد ہی مدراس ہائی کورٹ، ضلع اور ماتحت عدالتوں کی سرکاری زبان بن جائے گی۔
مسٹر رجیجو نے یہاں تمل ناڈو ڈاکٹر امبیڈکر لاء یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ تمل لوگوں کے جذبات کی بازگشت سنتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مدراس ہائی کورٹ میں تمل کو سرکاری زبان کے طور پر بنانا، پارٹی لائنوں سے اوپر اٹھ کر سیاست دانوں کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو میں ہم سب کو مدراس ہائی کورٹ کے ساتھ ساتھ ضلع اور ماتحت عدالتوں میں بھی تمل کو مرکزی حیثیت حاصل کرتے ہوئے دیکھ کر فخر ہوگا۔
مسٹر رجیجو نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں چیف جسٹس، ججوں اور مختلف عدالتوں کے دیگر چیف جسٹس کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی عدالتوں اور بڑے پیمانے پر قانونی نظام میں علاقائی زبانوں کے استعمال کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ عام لوگ اپنی اپنی زبانوں میں انصاف تک رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عدالتی نظام کا مستقبل علاقائی زبانیں ہوں گی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکز علاقائی زبانوں کے استعمال کو بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کر رہا ہے ۔
زبان کے نفاذ پر مسٹر رجیجو نے کہا کہ وہ ہندوستان میں ایک زبان کے نفاذ کے خلاف ہیں۔ لوگوں پر کوئی زبان مسلط نہیں ہونی چاہیے اور وہ تمام ہندوستانی زبانوں کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے تمل کو ایک ‘خصوصی’ زبان قرار دیا۔
انہوں نے ملک کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔