پرتھ// آسٹریلیا ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنس نے منگل کو سابق کوچ جسٹن لینگر کے متنازعہ بیان پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم میں کوئی بزدل نہیں ہے۔
لینگر نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی کوچنگ کے بارے میں میڈیا کے سامنے مضحکہ خیز بیان دینے والے کھلاڑی ‘بزدل تھے۔
سابق کوچ لینگر نے کہا تھا، "ہر کوئی میرے سامنے (اپنی کوچنگ کے دوران) اچھا برتاؤ کر رہا تھا، لیکن میں اخبارات بھی پڑھ رہا تھا اور اپنے بچوں کی قسم آدھی سے زیادہ چیزوں پر یقین کرنا مشکل ہے۔ بہت سے صحافی لفظ ‘ذرائع استعمال کرتے ہیں۔ میں کہتا ہوں کہ اس لفظ کو ‘بزدل میں بدل دینا چاہیے۔
اس کا جواب دیتے ہوئے کمنس نے صحافیوں کو بتایا، "آسٹریلیائی کرکٹ میں کوئی بزدل نہیں ہے، ایسا کبھی تھا بھی نہیں ، میں کبھی کسی کے سامنے ذاتی چیزیں ظاہر نہیں کروں گا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ مایوس کن ہے کہ لوگ میدان سے باہر کی باتوں کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔ لیکن اس کا ہماری ٹیم پر کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔”
تاہم لینگر نے بعد میں اپنے ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آسٹریلیائی کھلاڑی ان کے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔
کمنس نے کہا، "میرے مطابق وہ جو کچھ کہنے کی کوشش کر رہے تھے اس میں کوئی دشمنی نہیں تھی اور انہوں نے بعد میں اس کی وضاحت بھی کی۔ میرے خیال میں انہوں نے اس بارے میں سوچا ہوگا، جس کے لیے ان کا شکریہ ۔ ہم اپنی پچھلے 12 ماہ کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ جس طرح سے ہم نے چیزوں کا سامنا کیا اور جس طرح سے ہم کھیلے۔ کھلاڑی اپنا سر اونچا رکھ سکتے ہیں۔”
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بدھ سے یہاں آپٹس اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا، "وہ (لینگر) یہاں کمنٹری کرتے ہوئے مل جائیں گے جو اچھا ہو گا۔ ہم اس اسٹیڈیم پر کھیلنا پسند کرتو ہیں۔ میرے آئیڈیل ڈینس للی بھی یہیں ہوں گے، اس ریاست میں ان کا گھر ہے۔”
کمنس نے کرکٹ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ باؤلر اسکاٹ بولینڈ اور اوپنر مارکس ہیرس کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے الیون سے باہر رکھا گیا ہے، جب کہ آل راؤنڈر کیمرون گرین اپنا پہلا ٹیسٹ گھر پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
کمنس نے کہا، "یہ ہمارے پاس اب تک کی سب سے مستحکم ٹیم ہے، آپ شاید 12 مہینے پہلے ہی ٹیم کو منتخب کر سکتے تھے، مجھے لگتا ہے کہ ہم اچھی جگہ پر ہیں۔