سرینگر//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے گنجان آبادی والے علاقے علمگری بازار میں آتشزدگی کی واردات کے دوران دو رہائشی مکان خاکستر ہوئے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پائین شہر کے علمگری بازار علاقے میں جمعرات بارہ بجے کے قریب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل اور ایک مکان کو لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی پولیس کی مدد سے اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران دو مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے جبکہ تیسرے کو جزوی نقصان پہنچا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جمعرات کے روز پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے علمگری بازار میں آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
عہدیدار نے بتایا کہ گنجان آبادی کے باوجود بھی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر آگ کو بجھایا۔اُن کے مطابق سات فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔