سرینگر //
فائر اسٹیشن کی عدم موجودگی کے خلاف جمعرات کو کرگل کے دراس سب ڈویژن میں احتجاج کیا گیا۔
علاقہ کی ایک بڑی آبادی جمعرات کی صبح سڑک پر آگئی اور مطالبہ کیا کہ علاقے میں فائر اسٹیشن قائم کیا جائے۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ حکام نے ماضی میں آتشزدگی کے واقعات سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور لوگوں کی بار بار کی درخواستوں کو نظر انداز کیا۔
مظاہرین کو منانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کرگل سنتوش سکھ دیو اور ایس پی کرگل عنایت علی موقع پر پہنچے۔ ڈپٹی کمشنر نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ سب ڈویڑن میں فائر اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے آگ سے متاثرہ مسجد کی تعمیر نو کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین فیروز احمد خان سمیت سینئر سیاسی رہنماؤں نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے علاقے کا دورہ کیا ۔
واضح رہے کہ قدیم حنفیہ جامع مسجد کل دیر شام آگ لگنے کے واقعہ میں جل کر خاکستر ہوگئی تھی۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ اگر سب ڈویڑن دراس میں کوئی فائر اسٹیشن ہوتا تو آگ پر بروقت قابو پایا جا سکتا تھا۔