پدوکوٹائی (تمل ناڈو)// سری لنکا کی بحریہ نے اپنے آبی علاقے میں غیر قانونی طور پر مچھلی پکڑنے کے الزام میں تین ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے ۔
تمل ناڈو کے ماہی پروری کے حکام نے جمعرات کو یہ معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ پدوکوٹائی ضلع کے کوٹائی پٹنم ساحلی گاؤں کے رہنے والے ماہی گیروں کو بدھ کی رات اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کوویلن لائٹ ہاؤس سے سری لنکا کے آبی علاقے میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے ۔ گرفتار ماہی گیروں کی شناخت ایس سندرم (26)، کے ایاپن (30) اور این ارول (36) کے طور پر کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ماہی گیروں کو ٹرالر اور تین ماہی گیری کے سامان کے ساتھ کانکیسنتھورائی بندرگاہ پر لے جایا گیا اور بعد میں قانونی کارروائی کے لیے میلاڈی کے محکمہ ماہی گیری کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔