نئی دہلی//سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ وہ منی لانڈرنگ کے ملزم دہلی حکومت کے وزیر ستیندر جین کی عرضی پر منگل کو سماعت کرے گی۔
چیف جسٹس یو یو للت کی سربراہی والی بنچ نے عام آدمی پارٹی کے لیڈڑ ستیندر جین کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل کی جلد سماعت کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے منگل کو اس معاملے کو نمبر ایک پر درج کرنے کی ہدایت دی۔مسٹر سبل نے خصوصی ذکر کے دوران درخواست کی تھی۔
مسٹر جین نے دہلی ہائی کورٹ کے یکم اکتوبر کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے جس میں اس نے نچلی عدالت میں ضمانت کی عرضی کی سماعت کو وہاں کی دوسری عدالت میں منتقل کرنے کے فیصلے پر مہر لگائی تھی۔
مسٹر جین نے دہلی کی راؤس ایونیو عدالت کے ذریعے منظور کیے گئے حکم کو چیلنج کیا، جس نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی درخواست کو دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
ای ڈی نے 5 اپریل کو منی لانڈرنگ کی جانچ کی بنیاد پر جین کی 4.81 کروڑ روپے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کیا تھا۔ اس کے بعد وزیر کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ معاملہ 2015-17 کے دوران مختلف افراد کے نام پر جائیداد کے حصول سے متعلق ہے ۔