نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی 9 سے 11 اکتوبر تک اپنی آبائی ریاست گجرات کا دورہ کریں گے اور آخری دن اجین (مدھیہ پردیش) میں ‘شری مہاکال لوک’ کو عوام کے نام وقف کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔
اپنے دورہ گجرات کے پہلے مرحلے میں مسٹر مودی مہسانہ اور بھروچ سمیت پانچ اضلاع میں 14,500 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔
اس سال کے آخر میں ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیر اعظم کا ریاست کا دورہ بڑھ گیا ہے ۔مسٹر مودی نے پچھلے مہینے کے آخر میں سورت میں روڈ شو کیا تھا اور کچھ دوسرے پروگراموں میں بھی گئے تھے ۔
مسٹر مودی 11 اکتوبر کو مدھیہ پردیش کا بھی دورہ کریں گے ۔
ہفتہ کو وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق مسٹر مودی مہسانہ کے موڈھیرا گاؤں کو ملک کا پہلا گاؤں قرار دیں گے جہاں 09 اکتوبر کو شام 5.30 بجے کے قریب بجلی کی پوری ضرورت مسلسل شمسی توانائی سے پوری کی جائے گی۔ وہ اسی دن مہسانہ ضلع میں 3900 کروڑ روپے کے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔