نئی دہلی//
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی اور امن وزیر اعظم مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہندوستان کے ساتھ پرامن تعلقات رکھنا پاکستان کے مفاد میں ہے ۔
سرینگر میں ایک پریس کانفرنس میں اٹھاولے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی اور امن مودی کی قیادت والی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ یہ اس سال لاکھوں سیاحوں کے سفر اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے جموں و کشمیر اورمختلف شعبوں میں ہزاروں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے عمل کے آغاز سے ظاہر ہوتا ہے ۔
اٹھاولے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پرامن ماحول ہے ، وہ لاکھوں سیاحوں کو راغب کرنے میں کامیاب ہے ۔ ’’یہ ایک مثبت اشارہ ہے ، جوسیاحت کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے علاوہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو راغب کرکے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ کئی نجی شعبے کے سرمایہ کار جموں و کشمیر آ رہے ہیں، جو ہزاروں کروڑ کی سرمایہ کاری کریں گے ‘‘۔
مرکزی وزیرنے کہا’’جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے اورتھا۔ امن برقرار رکھنے اوراپنی ترقی کے لئے ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہترکرنا پاکستان کے مفاد میں ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے جموں و کشمیر کے لیے ترقی کے دروازے کھلے ہیں۔ پردھان منتری آواس یوجنا، جن دھن یوجنا، مدرا، پی ایم اجول یوجنا، طلباء کے لیے اسکالرشپ اسکیم جیسی مرکز کی تمام اسکیمیں اور پروگرام نیز درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے فلاحی اسکیمیں اب جموں و کشمیر میں نافذ کی گئی ہیں۔
اٹھاولے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کئی مرکزی اسکیموں کا صد فیصد نفاذ اس بات کی گواہی ہے کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کورہائش، ذریعہ معاش وغیرہ تمام شعبوں میں سماجی استحکام فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔