چنڈی گڑھ// ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 720 سے زیادہ دستکاروں اورکاریگروں کے 39ویں ‘ہنر ہاٹ’ کا افتتاح ہفتہ کو پنجاب کے گورنر اور چنڈی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر بنواری لال پروہت نے یہاں پریڈ گراؤنڈ میں کیا۔ اس موقع پرمرکزی وزیر مختار عباس نقوی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مسٹرپروہت نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے دیہی صنعتوں اور کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دینے پر زور دیا تھا۔ ہمارے ملک میں ہنر مندوں اور دستکاروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ’ہنرہاٹ‘ سے ان کاریگروں اوردستکاروں کو بے پناہ معاشی مواقع ملے ہیں۔
مسٹرپروہت نے کہا کہ ہنرہاٹ کے ذریعہ ان کاریگروں کوایک بہت بڑا پلیٹ فارم ملا ہے۔ ‘ہنر ہا ٹ ‘ ہندوستانی کاریگروں کی صلاحیتوں کو ‘مقامی سے عالمی سطح تک لے جانے کی ایک بڑی کوشش ہے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سودیشی کے عزم کو مضبوط کررہا ہے۔
مسٹر پروہت نے کہا کہ ‘ہنر ہاٹ سے ملک کے ناپید ہورہے فن اور ثقافت کو ایک نئی شناخت ملی ہے۔ مقامی مصنوعات کی برآمد کے بے پناہ امکانات ہیں اور ‘ہنر ہاٹ اس سمت میں ایک اہم اور قابل ستائش کوشش ہے۔
مسٹر پروہت نے ‘ہنر ہاٹ کے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور ملک بھرسے آئے کاریگروں اورہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر چنڈی گڑھ کی میئر سربجیت کور، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا ستیہ پال جین، مسٹر ارون سود اور دیگر معززین موجود تھے۔
(یواین آئی)