بھیلواڑہ//راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ اگر ریاست میں پھر سے عوام کا آشیرواد ملا اور کانگریس کی حکومت دوبارہ بنی تو ریاست ترقی میں تاریخ رقم کرے گی۔
مسٹر اشوک گہلوت آج ضلع بھیلواڑہ کے رائے پور میں کیلاش ترویدی کے مجسمہ کی نقاب کشائی اور 220 کے وی جی ایس ایس کے بھومی پوجن پروگرام کے بعد لوگوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت دوبارہ بنے اور راجستھان ترقی میں سب سے آگے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، ہم سب سے پیار کرتے ہیں، اگر کوئی ہم پر تنقید بھی کرے تو ہم اس کا بھی خیر مقدم کریں گے ۔
کیلاش ترویدی کے نام پر رائے پور میں اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جو بھی مطالبات پیش کیے گئے ہیں ان سب کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے اسٹیڈیم کے لیے ڈی پی آر تیار کرکے تجویز بھیجنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ آپ مانگتے مانگتے تھک جاؤ گے لیکن دیتے دیتے نہیں تھکوں گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسٹر کیلاش ترویدی نے نہ صرف لوگوں کے ساتھ تعلقات استوار کیے بلکہ علاقے میں ترقی کی گنگا بھی بہائی۔ یہی وجہ ہے کہ آج لوگ انہیں یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے شہروں میں غریبوں کے لیے ایک اسکیم شروع کی ہے ۔ اس اسکیم کو ملک کے لیے شہید ہونے والی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔ اندرا گاندھی شہری روزگار یوجنا میں تیس طرح کے کام دیے گئے ہیں۔