کولکتہ//ہندوستان کے سابق کرکٹر اور بیٹنگ کوچ سنجے بانگر نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم "پرفیکٹ” ہے اور آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ایک یا دو کھلاڑیوں پر منحصر نہیں ہے۔
ہندوستان 23 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں اپنی مہم کا آغاز کرنے والا ہے اور بانگر نے یہ بات پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور اوپنر محمد رضوان کے حوالے سے کہی۔
بانگر نے جمعرات کو اسٹار اسپورٹس کے کرکٹ لائیو ایونٹ میں کہاکہ”ہندوستانی ٹیم نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف کچھ اچھے میچ کھیلے ہیں۔ ہندوستان زیادہ مکمل ٹیم ہے اور ایک یا دو افراد پر منحصر نہیں ہے۔”
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان بلے بازی کے شعبے میں واضح طور پر بابر اور رضوان پر منحصر ہے جب کہ ہندوستانی ٹیم واقعی چند کھلاڑیوں پر منحصر نہیں ہے، ہمارے پاس چار یا پانچ میچ ونر ہیں اور وہ زبردست فارم میں ہیں، اس لیے بیٹنگ کے نقطہ نظر سے ہندوستانی ٹیم بہتر پوزیشن میں ہے۔”
باؤلنگ پر بات کرتے ہوئے بانگر نے کہا کہ پاکستانی باؤلرز میں تیز رفتار ہے لیکن ہندوستانی باؤلرز سوئنگ کے ہتھیار کا مکمل استعمال جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ بولنگ سائیڈ کو دیکھیں تو ان کے پاس (پاکستان) کی رفتار ہے لیکن ہندوستانی ٹیم میں یہ مہارت ہے کہ جسپریت بمراہ کی جگہ دیپک چاہر فٹ ہوتے ہیں تو آپ ان کی گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیتوں کو دیکھ سکتے ہیں۔ ارشدیپ سنگھ بالکل اسی طرح کا لیفٹ آرم باؤلر ہے جس کی ہمیں تلاش تھی۔ وہ گیند کو دونوں طرف سوئنگ کر سکتا ہے۔ میرے خیال میں ہندوستانی ٹیم کے پاس پیس شعیہ کی کمی ہے، لیکن وہ اس مہارت کا استعمال کرتے ہیں۔
ہندوستان کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بانگر نے کہاکہ "ہندوستانی ٹیم کا جذبہ واقعی بہت بلند ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہندوستانی ٹیم نے جس طرح سے کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس سے کافی مثبت ہوا ہوگا۔ گیند بازوں کو سخت سبق ملا ہے، لیکن یہ اچھی بات ہے کہ ان کے پاس اس کے بارے میں سوچنے، اپنے منصوبوں پر دوبارہ کام کرنے، آگے بڑھنے اور آسٹریلیا میں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے کے لیے کافی وقت ہے۔