نئی دہلی// اگست 2022 میں ملک میں آٹھ بنیادی شعبوں کی صنعتوں کی پیداواری ترقی کی رفتار گھٹ کر 3.3 فیصد پر آگئی ہے ۔ ایک سال قبل اسی ماہ میں ان صنعتوں کی پیداوار میں سال بہ سال کی بنیاد پر 12.2 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار میں وزارت تجارت و صنعت نے کہا کہ ان آٹھ صنعتوں میں زیر جائزہ ماہ میں کھاد، کوئلہ، پیٹرولیم ریفائنری مصنوعات، اسٹیل، سیمنٹ اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے برعکس خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی آئی۔
وزارت کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار میں اگست 2021 کے مقابلے میں بڑی آٹھ بنیادی صنعتوں کی پیداوار کے اشاریہ میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ کھاد، کوئلہ، ریفائنری مصنوعات، اسٹیل، سیمنٹ اور بجلی کی صنعتوں کی پیداوار نے اگست 2022 میں سال بہ سال اضافہ درج کیا۔
یہ آٹھ بنیادی صنعتیں ملک کے انڈیکس آف انڈسٹریل پروڈکشن (آئی آئی پی) میں 40.27 فیصد حصہ ڈالتی ہیں۔
موجودہ مالی سال میں اپریل تا اگست 2022 کے دوران ان بنیادی صنعتوں کی پیداوار میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.8 فیصد (فوری تخمینہ) اضافہ ہوا ہے ۔
اگست 2022 میں کوئلے کی پیداوار میں سال بہ سال 7.6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اپریل تا اگست 2022 کی مدت میں اس کی پیداوار میں سال بہ سال 22.7 فیصد اضافہ ہوا۔
اگست 2022 میں خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں بالترتیب 3.3 فیصد اور 0.9 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ اس عرصے کے دوران پیٹرولیم ریفائنری مصنوعات میں سات فیصد اضافہ ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "اگست 2022 میں کھادوں کی پیداوار سال بہ سال 11.9 فیصد کی بلند ترین سطح پر رہی جو کہ اپریل-اگست 2022 کی مدت میں 11.4 فیصد کی نمو تھی۔”
اس عرصے کے دوران اسٹیل کی پیداوار میں 2.2 فیصد اور سیمنٹ کی پیداوار میں 1.8 فیصد اضافہ ہوا۔ اگست 2022 میں بجلی کی پیداوار میں سال بہ سال 0.9 فیصد اضافہ ہوا۔