نئی دہلی// نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے جمعہ کو صنعت کاروں سے ملک کے اندرونی علاقوں میں جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے انسانی وسائل کی صلاحیت کو پوری طرح سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔
صنعت کی تنظیم پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی 117ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہا کہ اسٹارٹ اپ سیکٹر نے ملک میں بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور 75,000 سے زیادہ اسٹارٹ اپ کام کررہے ہیں۔اب ہندوستانی کاروباری منظر نامے میں بہت سے گیم چینجر اسٹارٹ اپس ہیں۔’’
مسٹر دھنکھر نے کہا کہ تجارت اور صنعتی اداروں کو ایک "کاروباری ثقافت” کے ساتھ اندرونی علاقوں میں جانا چاہئے اور انسانی وسائل سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی معیشت میں ایک عہد ساز تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے ۔ مہارت کی ترقی سے ہندوستان کے ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ کو مکمل طور پر استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ "سماجی مفادات کی بہترین خدمت اس وقت ہوتی ہے جب ہم سب کی صلاحیتوں کو سامنے لاتے ہیں۔”
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ خود کفیل ہندوستان ایک طرح سے ہماری آزادی کی جدوجہد کے دوران ایک صدی قبل سودیشی تحریک کا عکس ہے ۔