گورکھپور://اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو گورکھپور میں کہا کہ کھلاڑی قومی و بین الاقوامی اسٹیج پر ریاست کی طاقت و قوت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اسے دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت ہر گاؤں میں کھیل کے میدان ، ہر بلاک میں اسٹیڈیم اور وافر مقدارمیں اسپورٹ کالج بنوانے اور بڑے پیمانے پر کھیل سہولیات کو دستیاب کرانے کی کاروائی کو تیزی سے آگے بڑھارہی ہے ۔
یوگی نے پیر کو شاردیہ نوراتری کے موقع پر گورکھپور کے جنگل کوڑیا کے رسولپور چکیامیں 10.16 کروڑ روپئے کے اخراجات سے بنے مہنت اویدھ ناتھ اسٹیڈیم اور مہنت اویدھ ناتھ سرکاری انٹرکالج میں 5.80کروڑ روپئے سے تعمیر عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کے مطابق نئے ہندوستان کے نئے اتر پردیش کی تعمیر میں ہمارے کھلاڑیوں کے تعاون کو بھی یقینی بنایا جائے ۔
نوتعمیر شدہ سٹیڈیم کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی علاقوں کے کالجز اور سٹیڈیم قومی تعلیمی پالیسی میں شامل ہونے اور کھیلوں کو آگے لے جانے کی تحریک دیتے ہیں جن میں ترقی کے بہت سے پہلو شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن کی بی جے پی حکومت بغیر کسی امتیاز کے سماج کے ہر طبقے کو حکومت کی اسکیموں کا فائدہ پہنچا رہی ہے ۔ عوامی خدمت کے مختلف پہلوؤں کو لے کر، پی ایم مودی کے یوم پیدائش پر 17 ستمبر سے سیوا پکھواڑا شروع کیا گیا ہے ۔ اسی سلسلے میں انتیوئے کے بانی پنڈت دین دیال اپادھیائے کی یوم پیدائش 25 ستمبر کو منائی گئی اور یہ سیواپکھواڑہ 2 اکتوبر یعنی مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج یہاں منعقدہ تقریب میں 700 معذورین کو ان کے لیے ضروری ساز و سامان دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنڈت دین دیال اپادھیائے کو سچی خراج عقیدت ہے ، جو سماج کے آخری مقام پر کھڑے پسماندہ و مظلومین کی بہتری کی سوچ رکھتے تھے ۔
افتتاحی تقریب کے اسٹیج سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تمام لوگوں سے اپنے گاؤں کو صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنے کا عہد لیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی وجہ سے مشرقی اتر پردیش میں انسیفلائٹس، دماغی بخار پر قابو پایا گیا ہے ۔ پہلے یہاں بڑی تعداد میں اموات ہوتی تھیں لیکن اب صفائی سے اسے صفر تک لایا گیا ہے ۔
اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے اسٹال کا دورہ کیا اور تین حاملہ خواتین کو کھانے کی ٹوکری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ تین بچوں کا دلار کیا۔ صحت مند لڑکے /لڑکی کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین بچوں کو تحائف دیے گئے ۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے ، سنکیت ڈیف اسکول اور محکمہ سماجی بہبود کے اسٹالز کا دورہ کیا اور بچوں سے دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔