نئی دہلی// دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ کیجریوال حکومت دہلی والوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور سال 2017 سے مارچ 2022 تک اس اسکیم کے تحت 4.27 لاکھ سے زیادہ مریضوں نے فائدہ اٹھایاہے ۔
مسٹر سیسودیا نے جمعہ کو محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی اور آروگیہ کوش اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کے لیے سہولیات کو بہتر اور آسان بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2017 سے مارچ 2022 تک اس اسکیم کے تحت 4.27 لاکھ سے زیادہ مریض مستفید ہوئے ہیں۔ اس اسکیم کے لیے حکومت نے 168.43 کروڑ روپے خرچ کیے تھے ۔
مسٹر سسودیا نے بتایا کہ کیجریوال حکومت کی اس اسکیم کے تحت اگر دہلی کا کوئی شہری دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لیے جاتا ہے اور وہاں علاج کا انتظار کر رہا ہے اور مریض کو فوری طور پر علاج کی ضرورت ہے تو مریض اپنا کیش لیس علاج پرائیویٹ ہسپتال میں جا کر کرواسکتا ہے اور اس کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ اس اسکیم کے تحت دہلی کا ہر وہ شہری علاج کروا سکتا ہے جس کے پاس دہلی ووٹر کارڈ ہے اور 19 سال سے کم عمر کے بچوں کو یہ سہولت ان کے والدین کے ووٹر کارڈ کی بنیاد پر ملے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیجریوال حکومت دہلی کے لوگوں کی بہتر زندگی اور صحت کے لیے پرعزم ہے ۔ آروگیہ کوش اسکیم کے تحت ضرورت مند لوگوں کا بہترین علاج ہو رہا ہے ۔ یہی نہیں یہاں علاج کی رقم بھی طے نہیں ہے جو خرچ آئے گا وہ حکومت کرتی ہے ۔ کیجریوال حکومت ہر طبقہ کے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔