سرینگر//
پولیس نے ایڈوکیٹ بابر قادری کی ہلاکت کے سلسلے میں بدھ کی صبح یہاں تین ممتاز وکلا سمیت چار رہائش گاہوں پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
بتادیں کہ ایڈوکیٹ بابر قادری کو نا معلوم بندوق برادروں نے۲۴ستمبر ۲۰۲۰کو حول سری نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بدھ کے روز ایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کے سلسلے میں برزلہ ،برین نشاط اور مائسمہ میں وکلاء کے گھروں اور دفاتر سمیت چار مقامات پر بیک وقت تلاشی لی گئی ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایڈوکیٹ میاں قیوم، ایڈوکیٹ منظور ڈار اور ایڈوکیٹ مظفر محمد کی رہائش گاہوں اور دفاتر پر تلاشی کارروائیاں انجام دی گئی ۔
ترجمان نے بتایا کہ قانون کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران تمام طریقہ کار پر عمل کیا گیا اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹس اور ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ سطح کے آفیسران نے ذاتی طور پر تمام مقامات پر ان تلاشی کارروائیوں کی نگرانی اور قیادت کی۔
پولیس ترجمان نے دعویٰ کیا کہ تلاشی کارروائی کے دوران ڈیجیٹل مواد، بینک سٹیٹمنٹ ‘ سیل اگریمنٹس‘ مشتبہ کتابیں اور دوسرا مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔
دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کشمیر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’سرینگر پولیس ایڈوکیٹ میاں قیوم، ایڈوکیٹ منظور ڈار اور ایڈوکیٹ مظفر محمد کی رہائش گاہوں پر تلاشی کارروائیاں انجام دے رہی ہے ‘‘۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا’’یہ تلاشیاں ایڈوکیٹ بابر قادری کی ہلاکت کی تحقیقات سلسلے میں پولیس اسٹیشن لال بازار میں درج ایف آئی آر کے تحت انجام دی جا رہی ہیں‘‘۔
ایڈوکیٹ بابر قادری نے نوے کی دہائی میں بارہمولہ کے شیخ پورہ کنزر علاقے سے نقل مکانی کرکے حول سری نگر میں رہائش پذیر ہوئے تھے ۔مرحوم ٹی وی پر ہونے والے مباحثوں میں اکثر حصہ لیتے تھے ۔
بتادیں کہ ملی ٹینٹوں نے۲۴ستمبر۲۰۲۰کو ایڈوکیٹ بابر قادری پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
پولیس نے معاملے کی نسبت لالبازار پولیس تھانے میں ایف آئی آر زیر نمبر۶۲زیر دفعات۳۰۲آ ئی پی سی اور۲۵/۷آرمز ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
پولیس نے ابتک اس کیس کے سلسلے میں پانچ ملزمان کے خلاف عدالت مجاز میں چالان بھی پیش کیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کیس کی مزید تفتیش کی خاطر پولیس نے بدھ کے روز چار مقامات پر تلاشی لی جس دوران کچھ نئے شواہد سامنے آئے ہیں اور ان شواہد کے ذریعے اس قتل کی سازش سے پردہ اُٹھنے کا امکان ہے ۔