سرینگر///
اے آئی سی سی انچارج جموں و کشمیر اور لداخ رجنی پاٹل (ایم پی)، جے کے پی سی سی کے صدر وقار رسول وانی اور ورکنگ صدر رمن بھلا نے منگل کو دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کی۔
جے کے پی سی سی کے صدر اور ورکنگ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وقار رسول وانی اور رمن بھلا کی راہول گاندھی کے ساتھ یہ پہلی ملاقات تھی۔
کانگریسی رہنماؤں نے گاندھی کو جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا، اس کے علاوہ تنظیمی امور اور سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں عوامی اہمیت کے بہت سے مسائل بھی زیر بحث آئے۔
جے کے پی سی سی کے صدر اور ورکنگ صدر نے راہول گاندھی کو یقین دلایا کہ وہ کانگریس پارٹی کو جموں و کشمیر میں مزید متحرک بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، اس کے علاوہ وہ پارٹی پروگراموں اور پالیسیوں کے ساتھ جموں و کشمیر کے کونے کونے تک پہنچنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں کریں گے۔
اس دوران جموں و کشمیر کانگریس پارٹی میں تقسیم کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے وقار رسول نے آج کہا کہ کانگریس متحدہ ہے اور انتخابات سے قبل جموں و کشمیر میں مضبوط ہو کر ابھر رہی ہے۔
وانی نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ’’کانگریس کو کسی نے نہیں چھوڑا، چند لوگوں نے صرف کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا، ہمارے پاس داخلی جمہوریت ہے، غلام نبی آزاد نے صرف صحت کے مسائل کی وجہ سے کمیٹیاں چھوڑی ہیں۔ میں نے ذاتی طور پر عبدالرشید ڈار، محمد امین بھٹ سے بات کی، ہماری کوئی تقسیم نہیں ہے‘ ہمیں انتخابات سے پہلے مضبوط اور متحد ہوتے ہوئے دیکھیں‘‘۔
کانگریسی لیڈر نے یہ بھی کہا کہ کانگریس جموں و کشمیر کی ایک مضبوط کیڈر بیس والی پارٹی ہے۔
ان کاکہنا تھا ’’ہمیں اپنی حکومتوں کے کاموں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ آزاد صاحب کا وقت سنہرا دور تھا۔ ہمیں اس کام کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس دکھانے کے لیے بہت سارے کام ہیں، ہمیں صرف محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں لوگوں کو بتانا ہے کہ بی جے پی نے کیا کیا۔ انہیں اور کس طرح کانگریس نے عوام کے حق میں فیصلے لیے۔‘‘