جموں//
ٍ جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں پیر رات ایک مکان گرجانے کی وجہ سے باپ بیٹا از جان جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں پیر کی رات ایک مکان مرمت کے دوران گر آیا جس کے نتیجے میں مکان مالک اور اس کے بیٹے کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
متوفین کی شناخت بلدیو راج ولد کساب مگ اور اس کے بیٹے کی شناخت بنٹی کے بطور ہوئی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور لاشوں کو ملبے سے نکا لا گیا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے کی شناخت رویندر کمار کے بطور ہوئی ہے جس کو علاج و معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
اس دوران جموںکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کارکن کو درخت کے ساتھ لٹکتے ہوئے پایا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں منگل کی صبح مقامی لوگوں نے ایک شخص کو درخت کے ساتھ لٹکتے ہوئے پایا ، جس کے بعد پولیس کو اس کی جانکاری فراہم کی گئی۔
پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اُس کی شناخت سوم راج کے بطور کی ۔
ذرائع نے بتایا کہ لاش پر خون کے نشانات موجود تھے اور اُس کو پوسٹ مارٹم کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھاجپا کارکن پچھلے تین روز سے لاپتہ تھا اور اُس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی تھی۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
دریں اثنا بھاجپا کارکن کے اہل خانہ نے بتایا کہ سوم راج کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا اور اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈران منگل کے روز سوم راج کے گھر پہنچے اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔