نئی دہلی//صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مانسکھ مانڈویہ نے کہا ہے کہ سب لوگوں کی اجتماعی کوششوں سے ہندوستان کو دنیا میں سب سے آگے پہنچایا جا سکتا ہے اور اس صدی میں عالمی صحت کی نگہداشت کا ایک مثالی مقام بنایا جا سکتا ہے ۔
مسٹر مانڈویہ نے پدم ایوارڈ یافتہ ڈاکٹروں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں افرادی قوت اور ہنر کی کبھی کمی نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ ہمیشہ جیتنے والے کو ملتا ہے اور اعزاز ان کو دیا جاتا ہے جو ملک کے لیے جیتے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار بھی موجود تھیں۔ وزات صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن اور نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر آر ایس شرما نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
وزیر صحت نے بحران کے دوران فرنٹ لائن کارکنوں، ڈاکٹروں اور صحت کے شعبے کے پیشہ ور افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے مشکل وقت میں صحت کے پیشہ ور افراد کا کردار اہم رہا ہے ۔ اس مشکل وقت میں ڈاکٹروں اور صحت کے پیشہ ور افراد کی محنت اور عزم انسانی برادری کی تاریخ میں کافی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہمیشہ ان کا مقروض رہے گی۔ صحت کی نگہداشت کرنے والے تمام پیشہ ور افراد کی شراکت انمول ہے ۔”
وزیر موصوف نے کہا، "ہم سب کی اجتماعی کوششوں سے ، ہم سب مل کر ہندوستان کو دنیا میں سب سے آگے لے جا سکتے ہیں اور اس صدی میں اسے عالمی صحت کا آئیکن بنا سکتے ہیں۔”
ڈاکٹر پوار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں پدم ایوارڈ یافتہ افراد کے انتخاب کے عمل میں کافی تبدیلی آئی ہے اور اب عام لوگوں کو عزت مل رہی ہے ۔ اب نامزدگی کے عمل میں، نامزد شخص کے نام پر نہیں، بلکہ ان کے کام پر زور دیا جاتا ہے ۔