سرینگر//
جموںکشمیر کی راجدھانی سرینگر کے راجوری کدل علاقے میں گزشتہ روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جھڑپ کے بعد مفرور ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری ہے ۔
ذرائع نے بتایا پائین شہر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جہاں پر ہر آنے جانے والے کی تلاشی لی جارہی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ شہر خاص کے قرب و جوار بالخصوص حساس چوکوں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے ۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ پائین شہر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی کھنگالا جار ہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری کدل ، نوا کدل ، عید گاہ اور اس کے آس پاس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے گشت کو تیز کیا گیا جبکہ مشکوک افراد سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شہر خاص کے خارجی اور داخلی راستوں پر سیکورٹی فورسز نے پہرے بٹھا دئے ہیں تاکہ مفرور ملی ٹینٹوں کو بھاگنے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے ۔