سرینگر/۴۱ اگست
مرکز کے زیر انتظام علاقے کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر میں حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور عسکریت پسندی کا گراف نیچے آ رہا ہے۔
تاہم، انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار لانچ پیڈز برقرار ہیں اور عسکریت پسندوں کو وادی میں دھکیلنے کے لیے بہت بڑا دباو¿ ہے۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ ماحول پہلے سے بہت بہتر ہے اور میں اس کا کریڈٹ لوگوں کو دینا چاہتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
سنگھ نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے بڑی سمجھ بوجھ کے ساتھ سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کی مدد کی ہے۔
ڈی جی پی کاکہنا تھا”آج طلبا بغیر کسی خوف کے اپنے سکول جا رہے ہیں، ملازمین بغیر کسی خوف کے اپنے دفاتر میں حاضر ہو رہے ہیں، تاجر بغیر کسی خوف کے اپنا کاروبار کر رہے ہیں۔ روزمرہ کی زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہے“۔
سنگھ نے کہا ”آج کسی بھی طرح سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور اس کے لیے ہر کوئی، عوام، سیکورٹی فورسز مل کر کام کر رہے ہیں۔ اس لیے سیکورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہے اور ہم اسے مزید بہتر کریں گے“۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ دراندازی مخالف گرڈ کو مضبوط بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں سرحدوں پر دراندازی تقریباً صفر ہوگئی ہے۔ان کاکہنا تھا” کوششیں ہوئیں، اور وہ چند ایک میں کامیاب ہوئیں، لیکن مجموعی طور پر سرحد پر حالات پہلے سے کہیں بہتر ہیں اور بہت بہتر کنٹرول ہے“۔ انہوں نے کہا کہ اب چونکہ زمین کے راستے آنا مشکل ہو گیا ہے، وہ ہتھیاروں کی نقل و حمل کےلئے ڈرون کا استعمال کر رہے ہیں کیونکہ پڑوسی اپنے مذموم عزائم جاری رکھے ہوئے ہے۔
سنگھ نے کہا ”ڈرون کا استعمال ایک چیلنج بن گیا ہے لیکن ہم اس کا بہت اچھی طرح سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ پچھلے دو سالوں میں اس میں ملوث بڑے ماڈیولز کا پردہ فاش کیا گیا ہے اور زیادہ تر اشیاءجیسے ہتھیار اور منشیات کو ضبط کیا گیا ہے“۔
ڈی جی پی نے کہا کہ ہم اس پر مضبوط کارروائی کریں گے اور اس چیلنج پر قابو پالیں گے۔سنگھ نے کہا کہ عسکریت پسندی کا گراف نیچے آ رہا ہے لیکن پاکستان کی سازشیں ابھی تک نہیں رکی ہیں۔انہوں نے کہا ”چھوٹے، نوجوان لڑکے، جو ابھی بالغ نہیں ہوئے ہیں، کسی نہ کسی طریقے سے بنیاد پرست ہو رہے ہیں اور ہائبرڈ دہشت گردی کی نئی شکل میں شامل ہو رہے ہیں“۔ انہوں نے کہا کہ ایک عام لڑکا جو کل تک تعلیم حاصل کر رہا تھا اور اپنی زندگی معمول کے مطابق گزار رہا تھا وہ بنیاد پرست ہو گیا اور اچانک کسی دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہو گیا اور اس کی واپسی کا راستہ بند ہو گیا۔
سنگھ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایسے کئی نوجوان پولیس، سیکورٹی فورسز اور اپنے خاندانوں کی مدد سے مرکزی دھارے میں واپس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھرتی میں کمی آئی ہے لیکن اسے روکنے اور اسے مکمل طور پر نیچے لانے کی ضرورت ہے اور ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دراندازی کم ہو رہی ہے، بھرتی کم ہو رہی ہے، عسکریت پسندی کا گراف بھی نیچے آئے گا۔
ایل او سی کے پار عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا کہ لانچ پیڈز برقرار ہیں۔سنگھ نے کہا کہ درحقیقت، ان لوگوں کو دھکیلنے کا بہت بڑا دباو¿ ہے، بشمول کشمیر سے، جو وہاں طویل عرصے سے مقیم ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز انہیں وادی میں چھپنے سے روکنے کی کارروائی جاری رکھیں گی۔
یوم آزادی کی تقریبات کے ہموار انعقاد کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سنگھ نے کہا کہ تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ان کاکہنا تھا”تیاریاں ہو چکی ہیں۔ جہاں ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے وہاں اس کا استعمال کیا گیا ہے“۔
ڈی جی پی نے کہا کہ سیکورٹی کو سخت بنانے کے لیے ہر اقدام، جس کی ضرورت ہے، اٹھائے گئے ہیں۔ (ایجنسیاں)