سرینگر/۲۱مارچ
وادی کشمیر میں مختلف امراض کا روایتی طریقہ علاج صدیوں سے رائج ہے اور موجودہ سائنسی دور میں بھی لوگ اپنی بیماریوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے ان طریقوں کی طرف رجوع کر رہے ہیں۔
ان روایتی طریقہ ہائے علاج میں سے ایک لیچ تھراپی ہے اس طریقہ علاج سے جونک کیڑے سے مریض کے بدن کے کسی حصے سے فاسد خون باہر نکالا جاتا ہے ۔
جموں وکشمیر کی راجدھانی سرینگر کے حضرت بل علاقے میں نو روز کے موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے لیج تھراپی کے ذریعے فاسد خون کو باہر نکالا۔
سرینگر کے تیل بل علاقے سے تعلق رکھنے والے لیچ تھراپی کے ماہر ولی محمد کا ماننا ہے کہ اس لیج تھراپی سے مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے ۔
ولی محمد نے بتایا کہ ۱۴مارچ سے۲۱مارچ تک لیج تھراپی کی جاتی ہے کیونکہ یہ ایام ہائی بلڈ پریشر‘ یورک اسڈ وغیرہ جیسی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے زیادہ موزوں ہیں۔
عمر رسیدہ ولی محمد کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ علاج زمانہ قدیم سے رائج ہے اور جلد، دانتوں کے مسائل، اعصابی نظام کی خرابیوں، انفیکشن وغیرہ میں مبتلا مریض اس طریقہ علاج سے ٹھیک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں لوگ پھر اس طریقہ علاج کو ترجیح دینے لگے ہیں کیونکہ یہ طریقہ علاج نہ صرف سستا ہے بلکہ آسان بھی ہے ۔
ولی محمد نے بتایا کہ شہد کی مکھی اور ریشم کے کیڑے کی طرح جونک کیڑا بھی خدا کی مخصوص نعمتوں سے مالا مال ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک جونک کی عمر ایک سال ہوتی ہے اکیس مارچ کے بعد یہ مرجاتا ہے اور جون کے مہینے میں زندہ ہوجاتاہے۔
ماہر نے کہا کہ اکثر مریض۲۱تک ہی لیچ تھراپی کرانے کے لئے آتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل گاؤٹ‘ہائی بلڈ پریشر، ہائپر ٹنشن جیسی بیماریوں میں مبتلا مریض ہمارے پاس آتے ہیں۔اُن کے مطابق جونک پانی میں تیرنے والے ایک کیڑے کا نام ہے جس کو جب کسی آدمی کے جسم پر لگا دیا جاتا ہے تو وہ اس کا فاسد خون چوس لیتا ہے ۔
اس موقع پر لیچ تھراپی کا استعمال کرنے والے ایک طالب علم ریاض احمد نے بتایا کہ یہ طریقہ علاج کافی سستا ہے اور اس سے مریض کو راحت بھی ملتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نو روز کے موقع پر لیچ تھراپی کا استعمال فائدہ مند رہتا ہے اور مریض سال بھر کیلئے متعدد بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے ۔
منیرا نامی ایک طالبہ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اس طریقہ علاج سے اُنہیں کافی راحت ملی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لیچ تھراپی ہائی بلڈ پریشر کیلئے انتہائی مفید علاج ہے لہذا ہر کو اس سے فائدہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔
بشیر احمد نامی ایک والد جو کہ اپنے بیٹے کو لیچ تھراپی کرنے لئے درگاہ حضرت بل آیا تھا نے بتایا کہ اُن کے بیٹے کے چہرے میں خون جمع تھا اور اس طریقہ علاج سے وہ تندرست ہو چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہائی بلڈ پریشر کے ساتھ ساتھ اگر کسی کے جسم میں فاسد خون جمع ہے تو لیچ تھراپی کے ذریعے وہ چند گھنٹوں میں ہی ٹھیک ہوگا اور اس کیلئے زیادہ پیسے خرچ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سر درد میں مبتلا مریضوں کو اہم کانوں کے پیچھے لیچ تھراپی کرتے ہیں اور وہ ٹھیک ہوجاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک آسان اور سستا طریقہ علاج ہے جس سے لوگ مختلف بیماریوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
بتادیں کہ یہ طریقہ علاج سال بھر نہیں کیا جاتا ہے بلکہ اس علاج کا ایک مخصوص وقت ہے اور یہ علاج خاص طور پر نوروز کے موقع پرہی کیا ج