جموں//
لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں انتظامیہ نے جمعرات کو۵؍ اگست کو’بدعنوانی سے آزادی کیلئے قرارداد کے دن‘ کے طور پر منانے کا حکم دیا۔
حکومت نے ایک حکم نامے میں کہا’’یہ حکم دیا جاتا ہے کہ ہر سال ۵؍ اگست کو جموں اور کشمیر کے مرکزی علاقے میں کرپشن سے آزادی کیلئے یوم قرارداد کے طور پر منایا جائے‘‘۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے ’’اس موقع پر تمام سرکاری دفاتر میں حلف برداری کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام ملازمین عوامی زندگی اور دفاتر سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے حلف اٹھائیں گے‘‘۔اس موقع پر، ملازمین جنہوں نے پچھلے سالوں کی بدعنوانی کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے‘ کو نوازا جائے گا ۔
حکومت نے یہ بھی حکم دیا کہ ہر سال۵؍ اگست کے بعد والے ہفتہ کو ’ویجیلنس آگاہی ہفتہ‘ کے طور پر منایا جائے گا جس میں مختلف دفاتر/افسران/اداروں کی جانب سے بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی احتساب کو بڑھانے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر سیمینارز اور ورکشاپوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
آرڈر میں مزید کہا گیا ’’عوامی دفاتر میں احتساب اور شفافیت کو بڑھانے کیلئے آئی ای سی کی سرگرمیاں تقریبات کے دوران تمام ضلعی/ایچ او ڈیز/انتظامی دفاتر میں بھی منعقد کی جائیں گے۔‘‘