برمنگھم// ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ہفتہ کو ایک سنسنی خیز سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ کو چار رنز سے شکست دے کر خواتین کرکٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ ہندوستان نے اسمرتی مندھانا (61) اور جمائمہ روڈریگز (44) کی اننگز کی بدولت پانچ وکٹ پر 164 رنز بنائے اور پھر انگلینڈ کے چیلنج کو 20 اووروں میں چھ وکٹ پر 160 تک محدود کردیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے والی اسمرتی نے ہندوستان کو مضبوط شروعات دی۔ ان کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے پاور پلے میں 64 رنز جوڑے۔ ہندوستان کی پہلی وکٹ 76 کے اسکور پر شفالی ورما کی صورت میں گری جنہوں نے 17 گیندوں میں 15 رنز بنائے۔ اس کے فوراً بعد اسمرتی بھی 32 گیندوں میں 61 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔
کپتان ہرمن پریت کور (20) کے آؤٹ ہونے کے بعد جمائمہ اور دیپتی شرما نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں نے مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 38 گیندوں میں 53 رنز جوڑے۔
دیپتی 20 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جب کہ روڈریگز نے 31 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے فریا کیمپ نے دو جبکہ کیتھرین برنٹ اور کپتان نٹالی سیور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آخری اوور میں انگلینڈ کو چھ گیندوں پر 14 رنز بنانے تھے۔ آخری اوور میں ہندوستانی ٹیم صرف تین فیلڈرز ہی باہر رکھ سکتی تھی کیونکہ ان پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانہ لگا تھا۔ اس اوور کی تیسری گیند پر اسنیہ رانا نے کیتھرین برانٹ کو کپتان ہرمن پریت کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کی جیت کا راستہ کھولا۔ صوفی ایکلسٹن نے آخری گیند پر چھکا لگایا لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔
ہندوستانی ٹیم اس جیت سے جھوم اٹھی۔ ایک خواب اس نے اس ٹورنامنٹ سے پہلے دیکھا تھا، اب وہ اس کے بہت قریب ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے آج جس طرح سے آغاز کیا، اس سے یہ واضح تھا کہ وہ اس میچ کو کس طرح آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔ اگرچہ انگلینڈ کی ٹیم نے بھی دباؤ برقرار رکھا لیکن میچ کے آخری لمحات میں وہ ہندوستانی گیندبازی کے سامنے مؤثر طریقے سے حملہ کرنے میں ناکام رہی۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے اسمرتی اور جمائمہ نے اچھی بلے بازی کی اور جب بولنگ کی بات آئی تو تمام اسپنروں نے شاندار گیند بازی کی۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان نٹالی سیور نے سب سے زیادہ 41 اور اوپنر ڈینی وائٹ نے 35 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے اسنیہ رانا کے دو وکٹوں کے علاوہ دیپتی شرما نے 18 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔