سرینگر//
سرینگر میں گزشتہ سات مہینوں کے دوران جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع کے مقابلے بدعنوانی کے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکامکاکہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران شہر سے بدعنوانی یا سرکاری عہدے کے غلط استعمال کا ہر چوتھا کیس رپورٹ ہوا۔
اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے مطابق، یکم جنوری۲۰۲۲ سے اب تک مجموعی طور پر۹۴ بدعنوانی کے مقدمات درج کیے گئے۔
ان میں سے۲۴ کیس صرف سرینگر ضلع میں درج کیے گئے۔ سرینگر کے اے سی بی پولیس اسٹیشن، جو گاندربل اور بڈگام اضلاع میں بھی بدعنوانی کے مقدمات کا احاطہ کرتا ہے، اسی مدت میں کل ۳۲مقدمات تھے۔
اے سی بی کے بارہمولہ پولیس اسٹیشن، جس میں بانڈی پورہ اور کپواڑہ اضلاع بھی شامل ہیں‘نے ۲۳ معاملے درج کیے ہیں جبکہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع کا احاطہ کرنے والے اننت ناگ پولیس اسٹیشن میں اے سی بی کے اعداد و شمار کے مطابق۱۳ معاملے ہیں۔
جموں صوبے میں، اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ بدعنوانی بہت کم ہے اور۱۰؍ اضلاع میں صرف ۱۹مقدمات درج ہیں۔
اے سی بی کے جموں پولیس اسٹیشن نے پہلے سات مہینوں میں۱۱ معاملے درج کئے جب کہ ڈوڈا پولیس اسٹیشن نے پانچ معاملے درج کئے۔
اعداد و شمار کے مطابق، اے سی بی سنٹرل پولیس اسٹیشن نے سال کے پہلے سات مہینوں میں بدعنوانی کے پانچ مقدمات درج کیے ہیں۔
اے سی بی نے مختلف عہدیداروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں جن میں سے کچھ سرکردہ افراد وادی کشمیر سے ہیں۔
ایک روز قبل ایک فرسٹ کلاس ایگزیکٹیو مجسٹریٹ (تحصیلدار) کو اس کے کلرک سمیت رشوت کا مطالبہ کرتے اور قبول کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ بعض اعلیٰ انجینئرز اور ریونیو حکام کو بھی اینٹی کرپشن بیورو نے پھنسایا ہے۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ اہلکار اور سرکاری ملازمین بدعنوانی کا سہارا لیتے ہیں، فوری پیسے کمانے کے طریقے اور ذرائع وضع کرتے ہیں۔