نئی دہلی، 10 اکتوبر (یواین آئی) نئی دہلی کے ڈی ایل ٹی اے کمپلیکس میں ہفتہ کو 31ویں فینیسٹا اوپن نیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں ٹاپ سیڈ ویدیہی چودھری اور چھٹی سیڈ مان کیشروانی نے بالترتیب خواتین اور مردوں کے سنگلز خطاب جیت لیے۔
2022 اور 2024 میں بھی خطاب جیتنے والی ویدیہیی نے 20 سالہ شروتی اہلاوت کو 6-4، 7-5 سے شکست دی۔ دو گھنٹے 15 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے کے ساتھ ہی ویدیہی نے تیسری بار فینیسٹا اوپن کا خطاب اپنے نام کیا۔
فتح کے بعد ویدیہی نے کہا، مجھے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔ یہ میرا تیسرا خطاب ہے، اس لیے میں بہت خوش ہوں۔ پہلے سیٹ میں میں 5-3 سے آگے تھی اور وہ مسلسل جدوجہد کرتی رہی۔ دوسرے سیٹ میں بھی میں 5-3 سے آگے تھی اور وہ آخر تک لڑتی رہی۔ یہ ایک شاندار اور سخت مقابلہ تھا۔
مردوں کے سنگلز فائنل میں چھٹی سیڈ مان کیشروانی نے تیسری سیڈ نتن سنہا کو ایک گھنٹے 37 منٹ میں 6-0، 6-4 سے شکست دے کر اپنا پہلا فینیسٹا اوپن خطاب جیتا۔ مان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے چھوں گیم جیت کر پہلا سیٹ بغیر کوئی گیم گنوائے اپنے نام کیا۔ دوسرا سیٹ زیادہ مسابقتی رہا، لیکن انہوں نے 3-2 کے اسکور پر اہم بریک حاصل کیا اور پھر اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے میچ جیت لیا۔
پریزینٹیشن تقریب میں دہلی لان ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر روہت راجپال، فینیسٹا بلڈنگ سسٹمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور بزنس ہیڈ ساکیت جین، ہندوستانی ہاکی کھلاڑی اور 2026 ایشین گیمز کے طلائی تمغہ فاتح جُگراج سنگھ اور چار بار کی فینیسٹا اوپن چیمپئن و ڈی ایل ٹی اے کی خزانچی پریرنا بھامبری موجود تھیں۔ انہوں نے فاتحین کو ٹرافیاں پیش کیں۔
لڑکیوں کے انڈر-18 سنگلز فائنل میں دوسری سیڈ پارتھسارتھی منڈے نے ساتویں سیڈ اہان اہان کو 6-3، 6-4 سے شکست دے کر خطاب جیتا، جبکہ لڑکوں کے انڈر-18 سنگلز فائنل میں رِبھَو ساروہا نے اوم رمیش پٹیل کو 6-4، 6-3 سے شکست دی۔




