نئی دہلی، 3 اکتوبر (یو این آئی) بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں گرام سبھاؤں کی خصوصی میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا اور ان کے ساتھ ہی جن یوجنا ابھیان 2026-27، ‘سب کی یوجنا، سب کا وکاس’ کا بھی آغاز ہوا، جس کے تحت پنچایتیں مالی سال 2027-28 کے لیے اپنی ’پنچایت وکاس یوجنائیں‘ تیار کریں گی۔
ان خصوصی میٹنگوں میں مقامی باشندوں، منتخب نمائندوں، پنچایت عہدیداروں اور افسران نے سرگرمی سے حصہ لیا۔ ملک بھر میں ان 2.42 لاکھ گرام سبھاؤں میں خصوصی میٹنگوں میں مرکزی حکومت کی پنچایتی راج کی وزارت، دیہی ترقی کا محکمہ، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کا محکمہ، امور صارفین کا محکمہ، محکمہ خوراک اور عوامی تقسیم کا محکمہ، محکمہ آبی وسائل، ندیوں کی ترقی اور گنگا کی بحالی کا محکمہ اور زمین کے وسائل کے محکمے کی اسکیموں سمیت مختلف وزارتوں اور محکموں کی اسکیموں اور اہم اقدامات پر خاص طورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری معلومات کے مطابق جمعہ کو ہونے والی گرام سبھاؤں کی ان خصوصی میٹنگوں نے دیہی باشندوں کو حکومت کے اہم اقدامات اور مقامی اہمیت کے مسائل پر بحث میں حصہ لینے کے لیے ایک براہِ راست پلیٹ فارم فراہم کیا۔
جامع تبادلہ خیال میں پنچایتوں کو مرکزی مالیاتی کمیشن کے گرانٹس کی بہتر منتقلی، خود کے محصولات کے ذریعے مالی خودمختاری، محفوظ جائیداد اور زمین کے حقوق، یقینی روزگار اور ذریعہ معاش، محفوظ پینے کا پانی اور صفائی، پانی کی سکیورٹی، فوڈ سکیورٹی، صارف تحفظ اور خواتین کی اقتصادی بااختیاری جیسے کئی شعبے شامل تھے۔
ان میٹنگوں میں گزشتہ 12 برسوں میں کی گئی تبدیلی پسند گورننس اصلاحات اور شہریوں پر مرکوز اقدامات سمیت اہم سرکاری اقدامات کو اجاگر کرنے والے ایجنڈے اور بیداری والے مواد کو پڑھ کر سنایا گیا اور اس پر بحث کی گئی۔ مقامی باشندوں، منتخب نمائندوں، پنچایت عہدیداروں اور افسران نے سرگرمی سے حصہ لیا اور اپنے تجربات، نقطہ نظر اور تجاویز شیئر کیں، جو گرام پنچایت وکاس یوجناؤں کو بہتر بنانے میں تعاون دیں گے۔






