نئی دہلی، 17 نومبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو منیلا میں 23ویں ہندوستان-آسیان چوٹی کانفرنس اور 21ویں مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس کے موقع پر تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکل سے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس دوران دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، سلامتی، رابطہ کاری، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے علاقائی فورموں پر باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان میں بمسٹیک، آئی او آر اے، میکونگ-گنگا تعاون اور آسیان کی قیادت والے فورم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا آغاز گزشتہ سال اپریل میں وزیر اعظم مودی کے دورہ تھائی لینڈ کے دوران ہوا تھا۔ دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ تہذیبی اور ثقافتی ورثے، عوام کے درمیان رابطوں اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ تھائی لینڈ ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اور آسیان کے ساتھ وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک اہم شراکت دار ہے۔








