نئی دہلی، 11نومبر (یواین آئی) کانگریس کے شعبۂ خارجہ امور کے سربراہ سلمان خورشید نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں 13 اور 14 نومبر کو ‘بھارت سمٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس بین الاقوامی کانفرنس میں دنیا کے 70 ممالک سے تقریباً ایک ہزار نمائندے شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں مختلف ممالک کے پالیسی ساز اور دنیا بھر کی ترقی پسند تحریکوں کے سرکردہ رہنما شامل ہوں گے۔ پریس کانفرنس میں تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارک اور ریاستی وزیر ڈی شری دھر بابو بھی موجود تھے۔
مسٹر خورشید نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے ہندوستان اور دنیا کے مستقبل سے متعلق تصور، ابھرتے ہوئے نئے عالمی نظام اور اس میں ہندوستان کے کردار پر غور و خوض کرنا ہے۔ کانفرنس میں موجودہ سیاسی حالات کے ساتھ ساتھ مستقبل کے چیلنجوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس دو اہم مواقع کے ساتھ منعقد ہو رہی ہے۔ پہلا موقع پنڈت جواہر لال نہرو کے 137ویں یوم پیدائش کا ہے، جن کی خارجہ پالیسی سے متعلق سوچ آج بھی کانگریس کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ دوسرا موقع ملک کی آزادی کے 80ویں سال کا ہے۔ انہوں نے اس انعقاد کے لیے کانگریس قیادت کے تعاون اور رہنمائی پر بھی اظہار تشکر کیا۔
مسٹر خورشید کے مطابق، دو روزہ کانفرنس میں 12 بین الاقوامی اجلاس اور تلنگانہ پر مرکوز آٹھ اہم اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ ان اجلاسوں میں عالمی سیاست میں رونما ہونے والی تبدیلیوں، نئے عالمی نظام کی نوعیت اور ہندوستان کی مستقبل کی حکمت عملی پر گفتگو ہوگی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2029 کے بعد کانگریس نہ صرف دوبارہ اقتدار میں آئے گی بلکہ پارٹی کے سینئر رہنما ملک کے اہم عہدوں پر بھی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔









