نئی دہلی، 3 اکتوبر (یو این آئی) اپنی جنتا پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر سوامی پرساد موریہ نے جمعہ کے روز یہاں لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے بعد مسٹر موریہ نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی اب انڈیا اتحاد کا حصہ ہوگی اور اتر پردیش میں اتحاد کے ساتھ مل کر انتخابی میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جنتا پارٹی کے مستقبل کی حکمتِ عملی اور اتحاد کے تحت کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑا جائے گا، اس پر بعد میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ پارٹی کا ہدف "بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ” اور "سمودھان بچاؤ، بی جے پی ہٹاؤ” رہے گا۔
مسٹر موریہ نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی ملک بھر میں درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور اقلیتوں کی آواز اٹھا رہے ہیں۔ اتر پردیش میں ان کی پارٹی بھی انہی طبقات سے جڑے مسائل کو نمایاں طور پر اٹھاتی رہی ہے۔ یکساں نظریات کی وجہ سے اپنی جنتا پارٹی اب انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ موریہ بی جے پی، بی ایس پی اور سماجوادی پارٹی میں بھی رہ چکے ہیں۔






