موغادیشو//
صومالیہ میں ایک خود کش دھماکے میں 20 ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق افریقی ملک صومالیہ میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں بیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
صومالی حکام کا کہنا ہے کہ زیریں شبیل کے علاقے میں بدھ کو ہونے والے 2 دھماکوں میں علاقے کے دارالحکومت کے میئر سمیت کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شدت پسند تنظیم الشباب نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
پہلا حملہ خود کش تھا جس میں صومالیہ کے زیریں شبیل علاقے کے دارالحکومت مرکا قصبے میں اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں قصبے کے میئر عبداللہ علی وافو اور میئر کے مشیروں سمیت 12 دیگر افراد ہلاک ہوئے۔
بدھ کو ایک دوسرے واقعے میں، افگوئے قصبے میں مویشیوں کی ایک مصروف منڈی میں بم کا دھماکہ ہوا، پولیس کا کہنا تھا کہ یہ ایک بارودی سرنگ کا دھماکا تھا، جس میں 7 افراد ہلاک ہوئے۔
اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، جنوب مغربی ریاست کے صدر عبدالعزیز حسن محمد نے الشباب اور خودکش حملہ آور کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خود کش حملہ آور مسلمان نہیں ہو سکتا جس نے صومالی عوام کو مارا۔
انھوں نے مزید کہا کہ خود کش بمبار آج صومالیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، جلد یہ پڑوسی ممالک میں دھماکے کریں گے، اس لیے ہمیں مل کر ان دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے۔