ٹوکیو//
جاپان، گذشتہ ہفتے کے دوران 9 لاکھ 69 ہزار مریضوں کے ساتھ سب سے زیادہ کورونا کیسوں والا ملک بن گیا ہے۔
کویوڈو خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ 24 جولائی تک یعنی ایک ہفتے کے دوران 9 لاکھ 69 ہزار کووِڈ۔ 19مریضوں کے ساتھ جاپان سب سے زیادہ کورونا کیسوں والا ملک بن گیا ہے۔
بیان کے مطابق جاپان کے بعد تقریباً 8 لاکھ 60 ہزار کورونا کیسوں کے ساتھ امریکہ دوسرے اور 5 لاکھ 70 ہزار کیسوں کے ساتھ جرمنی تیسرے نمبر پر ہے۔
جاپان میں کورونا وائرس کا نہایت درجے متعدی زیریں ویریئنٹ BA-5 زیادہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور اس وقت ملک کووِڈ۔19 وباء کی 7 ویں لہر سے گزر رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈورس ایڈہینم گبریسس نے بھی کل کی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وباء کے خاتمے کے ابھی کوئی امکانات دِکھائی نہیں دے رہے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں دنیا بھر میں وباء کی وجہ سے اموات کی تعداد میں اور ہسپتالوں میں زیرِ علاج مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے صحت کے عملے اور ضعیف العمر افراد کی ویکسینیشن کو ضروری قرار دے دیا گیا تھا۔