رام بن؍۲۳ستمبر
جموں و کشمیر کے رام بن ضلع کے خوبصورت علاقے سنسر میں منگل کی رات دو پولیس اہلکار مشتبہ حالات میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پائے گئے۔
حکام نے دونوں اہلکاروں کی شناخت بھٹی رام بن سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کانسٹیبل فرید احمد اور جٹ گلی رام بن کے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد یعقوب کے طور پر کی ہے۔ دونوں رام بن ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں تعینات تھے اور آپس میں رشتہ دار بھی تھے۔
حکام کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ دونوں کی موت کیسے ہوئی یا وہ سنسر کیسے پہنچے۔ تاہم، حکام نے بتایا کہ منگل کی رات تقریباً ساڑھے۸ بجے دونوں کو سڑک کے کنارے کھڑی ایک گاڑی میں بے ہوشی کی حالت میں پڑا ہوا دیکھا گیا۔
دونوں کو فوری طور پر رام بن ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
بدھ کی صبح دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، جبکہ اس سلسلے میں ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ رام بن کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون گپتا نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں)









