سرینگر//
صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ محرم کے جلوسوں کو پہلے سے اجازت یافتہ راستوں سے بر آمد ہونے کی اجازت ہے ۔
پولے نے کہا کہ تمام متعلقین سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ ان ہی راستوں سے جلوس بر آمد کریں۔
صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز وسطی ضلع بڈگام کے مرکزی امام بارگاہ کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
پولے نے کہا’’محرم جلوسوں کو مخصوص راستوں سے بر آمد ہونے کی اجازت ہوگی جو پہلے سے ہی اجازت یافتہ ہیں ان پر انتطامات کئے گئے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’کمیونٹی کے تمام رہنماؤں سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ ان ہی راستوں سے محرم جلوس بر آمد کریں‘‘۔انہوں نے کہا کہ محرم کے جلوسوں کی بر آمد گی کیلئے مناسب سطح پر فیصلے ہوئے ہیں۔
صوبائی کمشنر نے کہا محرم کو واقعہ کربلا کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے اور رات کے دوران جو مجالس ہوتی ہیں یا جو اجازت یافتہ راستوں پر جلوس بر آمد ہوتے ہیں ان میں کوئی دقت نہ ہو وہ دیکھنے کے لئے میں یہاں آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں باقی جگہوں پر جاؤں گا اور وہاں صفائی ودیگر انتظامات دیکھوں گا۔