اوہائیو (امریکہ)، 15 اگست (یواین آئی) امریکہ کی اسٹار ٹینس کھلاڑی کوکو گاف ہفتہ کو سنسناٹی اوپن 2026 میں کورٹ پر واپسی کریں گی۔ چوتھی سیڈ گاف کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملنے کے باعث براہ راست اگلے دور میں جگہ ملی ہے۔
تین سال قبل اسی ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا ڈبلیو ٹی اے خطاب جیتنے والی گاف کا مقابلہ یولیا پوتنتسیوا اور لیودمیلا سیمسونوا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح سے ہوگا۔
22 سالہ گاف حالیہ دنوں میں اچھی فارم میں رہی ہیں۔ وہ کینیڈین اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچی تھیں، جبکہ جولائی میں ومبلڈن کے سیمی فائنل میں بھی جگہ بنائی تھی۔
امریکی اوپن شروع ہونے میں تقریباً دو ہفتے باقی ہیں، ایسے میں گاف ہارڈ کورٹ پر اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید کامیابی حاصل کرنا چاہیں گی۔




