لندن، 22 جولائی (یو این آئی) ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادو پہلی مرتبہ کاؤنٹی کرکٹ میں کھیلتے ہوئے یارکشائر کی نمائندگی کریں گے۔ وہ 24 جولائی سے 2 اگست کے درمیان ون ڈے کپ کے پانچ میچ کھیلیں گے، جس کے بعد ستمبر میں واپس آ کر سیزن کی آخری تین کاؤنٹی چیمپئن شپ مقابلوں میں بھی حصہ لیں گے۔
کلدیپ کا یہ دو مرحلوں پر مشتمل معاہدہ اگست میں ہونے والے ہندوستان کے سری لنکا کے دورے سے پہلے اور بعد میں ہوگا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
کلدیپ کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے حالیہ دورے کے دوران ایک بھی ون ڈے یا ٹی-20 میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ اسپن آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کے زخمی ہونے کے باوجود انہیں ٹیم سے باہر رکھنے کے فیصلے پر بھی سوالات اٹھے تھے۔
کلدیپ نے ایک بیان میں کہا، "مجھے ہمیشہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنے کا چیلنج پسند رہا ہے۔ ٹیم انتظامیہ سے بات چیت کے بعد یارکشائر سے وابستہ ہونے پر بے حد خوش ہوں اور ہیڈنگلے میں ٹیم کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا منتظر ہوں۔”
کلدیپ اب تک تین مرتبہ انگلینڈ کا دورہ کر چکے ہیں، تاہم وہاں انہیں صرف ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ انہوں نے 2018 میں لارڈز ٹیسٹ میں صرف نو اوور گیندبازی کی تھی۔
یارکشائر کے جنرل منیجر گیون ہیملٹن نے کہا کہ کلدیپ عالمی معیار کے گیندباز ہیں اور سیزن کے آخری مرحلے میں ٹیم کی گیندبازی کو مضبوط بنائیں گے۔ ان کے مطابق خشک موسم کے باعث اسپن گیندبازوں کا کردار اہم ہوگا اور کلدیپ اپنی بائیں ہاتھ کی رسٹ اسپن اور بین الاقوامی تجربے سے ٹیم کو فائدہ پہنچائیں گے۔
اس سیزن کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کھیلنے والے کلدیپ دوسرے فعال ہندوستانی اسپنر ہوں گے۔ ان سے قبل مانو سوتھار وارکشائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ جمعہ کو گلیمورگن کے خلاف میدان میں اترتے ہی کلدیپ یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے پانچویں ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ ان سے پہلے سچن تندولکر، یوراج سنگھ، چیتیشور پجارا اور میانک اگروال اس کلب کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ رتوراج گائیکواڑ نے 2025 میں معاہدہ کیا تھا لیکن بعد میں ذاتی وجوہات کی بنا پر دستبردار ہو گئے تھے۔








