نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی )آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 سے قبل ہندوستانی ٹیم اپنے کمبینیشن کو بہتر بنانے اور نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کے لیے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ جیو ہاٹ اسٹار کے شو ‘کرکٹ لائیو’ میں کرکٹ ماہرین پیوش چاولہ اور ابھیشیک نائر نے ویراٹ کوہلی کی عدم موجودگی میں ٹیم کے توازن، نئے کھلاڑیوں اور اہم سلیکشنز پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
سابق کرکٹر ابھیشیک نائر نے ٹیم کے بولنگ کمبینیشن اور مڈل آرڈر پر اہم گفتگو کی نائر کے مطابق، ہرش دوبے الیون میں لیفٹ آرم اسپنر اور آل راؤنڈر کے طور پر جگہ بنا سکتے ہیں۔ فاسٹ بولنگ میں انہوں نے پرسدھ کرشنا کے ورک لوڈ کو سنبھالنے اور ان کے ساتھ گرنور برار یا پرنس یادو کو ارشدیپ سنگھ کے ساتھ شامل کرنے کی وکالت کی۔
: ویرات کوہلی کی جگہ نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے ابھیشیک نائر نے یشسوی جیسوال کے مقابلے میں ایشان کشن کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ جیسوال بنیادی طور پر اوپنر ہیں، جبکہ ایشان کشن کے پاس نمبر 3 پر کھیلنے کا زیادہ تجربہ اور تسلسل ہے۔
ابھیشیک نائر نے شبھمن گل اور ہندوستانی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا افغانستان کی وائٹ بال ٹیم کا تقریباً ہر کھلاڑی دنیا بھر میں فرینچائز کرکٹ کھیلتا ہے اور ان کے پاس اچھا تجربہ ہے۔ وہ جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں اور ان کے بولرز ہندوستانی بلے بازوں کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ اگرچہ دونوں ٹیموں کے معیار میں فرق ہے، لیکن افغانستان اس سیریز میں کم از کم دو میچ جیتنے کی کوشش کرے گا۔ اس لیے شبھمن گل اور ان کی ٹیم کو افغانستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی بالکل نہیں کرنی چاہیے۔







