راولپنڈی، 30 مئی (یو این آئی) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان جوش انگلس نے کہا ہے کہ پاکستان کی مہمان نوازی ہمیشہ شاندار رہی ہے اور اسی وجہ سے انہیں یہاں آنا پسند ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ سے قبل ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوش انگلس نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی ہمیشہ بہترین رہی ہے اور یہاں کھیلنا خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور اسے ہرگز آسان نہیں لیا جا سکتا۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ گرم موسم میں کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ میچ شروع ہونے کے وقت موسم نسبتاً بہتر ہو جاتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی اور مسابقتی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ کا ٹاس شام 4 بجے ہوگا جبکہ میچ شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔






