کچھ ایجنسیوں کی بی جے پی کی برتری کی پیش گوئی‘آسام میں پارٹی اقتدار برقرار رکھنے میں کامیاب نظر آ رہی ہے
تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کی واپسی، کیرالم میں کانگریس کے زیر قیادت یو ڈی ایف کے اقتدار میں آنے کی پیش گوئی
(ویب ڈیسک )
سرینگر؍۲۹؍اپریل
بدھ کے روز سامنے آنے والے کئی ایگزٹ پولز نے آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بھاری جیت کی پیش گوئی کی ہے اور مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پر پارٹی کو واضح برتری دکھائی ہے، جبکہ تمل ناڈو میں ڈی ایم کے حکومت کی واپسی اور کیرالم میں۱۰ برس بعد کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف کے اقتدار میں آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پولسٹرز نے پڈوچیری میں اے آئی این آر سی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی واپسی کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
ایکسیس مائی انڈیا نے آسام میں بی جے پی کے لیے کلین سویپ کی پیش گوئی کرتے ہوئے بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے لیے۸۸تا۱۰۰ سیٹیں اور کانگریس و اس کے اتحادیوں کے لیے۲۴تا۳۶ سیٹیں ظاہر کی ہیں۔
پیپلز پلس نے پیش گوئی کی کہ این ڈی اے کو۶۸تا۷۲ سیٹیں ملیں گی جبکہ کانگریس پلس کو۲۲تا۲۶ سیٹیں حاصل ہوں گی۔
میٹرائز نے کہا کہ این ڈی اے کو۸۵تا۹۵ سیٹیں ملنے کا امکان ہے اور کانگریس و اس کے اتحادیوں کو۲۵تا۳۲سیٹیں۔ آسام اسمبلی میں کل۱۲۶سیٹیں ہیں اور اکثریت کے لیے۶۴سیٹیں درکار ہیں۔
کیرالم میں، ایکسیس مائی انڈیا نے پیش گوئی کی کہ یو ڈی ایف کو۷۸تا۹۰سیٹیں، ایل ڈی ایف کو۴۹تا۶۲ سیٹیں اور این ڈی اے کو ۰ تا۳ سیٹیں مل سکتی ہیں۔
پیپلز پلس نے اندازہ لگایا کہ کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف کو۷۵تا۸۵ سیٹیں، ایل ڈی ایف کو۵۵ تا۶۵ سیٹیں اور این ڈی اے کو ۰ تا۳سیٹیں ملیں گی۔
میٹرائز نے ایل ڈی ایف کے لیے۶۰تا۶۵ سیٹیں، یو ڈی ایف کے لیے۷۰ تا۷۵ سیٹیں اور این ڈی اے کے لیے۳تا۵ سیٹوں کی پیش گوئی کی ہے۔ کیرالم اسمبلی میں کل۱۴۰سیٹیں ہیں اور اکثریت کے لیے۷۱سیٹیں درکار ہیں۔
مغربی بنگال میں، پیپلز پلس ایگزٹ پول نے پیش گوئی کی کہ ٹی ایم سی کو۱۷۷تا۱۸۷ سیٹیں، بی جے پی کو۹۵تا۱۱۰سیٹیں، لیفٹ فرنٹ کو ۰ تا۱سیٹ اور کانگریس کو ایک تا۳سیٹیں ملیں گی۔تاہم، میٹرائز نے ریاست میں بی جے پی کو برتری دیتے ہوئے کہا کہ اسے۱۴۶ تا۱۶۱ سیٹیں مل سکتی ہیں، جبکہ ٹی ایم سی کو۱۲۵تا۱۴۰سیٹیں حاصل ہوں گی۔
پی مارک نے بی جے پی کے لیے۱۵۰تا۱۷۵؍اور ٹی ایم سی کے لیے۱۱۸تا۱۳۸سیٹوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مغربی بنگال میں کل۲۹۴سیٹیں ہیں اور اکثریت کے لیے۱۴۸سیٹیں درکار ہیں۔
تمل ناڈو میں، پیپلز پلس نے ڈی ایم کے کی قیادت والے اتحاد کے لیے۱۲۵ تا۱۴۵ سیٹیں، اے آئی اے ڈی ایم کے-بی جے پی کے لیے۶۵تا۸۰سیٹیں اور ٹی وی کے کے لیے۱۸تا۲۴سیٹیں پیش گوئی کی ہیں۔
میٹرائز نے ڈی ایم کے-کانگریس کے لیے۱۲۲تا۱۳۲ سیٹیں، این ڈی اے کے لیے۸۷تا۱۰۰ سیٹیں اور ٹی وی کے کے لیے۱۰ تا۱۲سیٹوں کا اندازہ لگایا ہے۔ تمل ناڈو اسمبلی میں کل۲۳۴ سیٹیں ہیں اور اکثریت کے لیے۱۱۸سیٹیں درکار ہیں۔
اکثر ایگزٹ پولز کا ماضی ملا جلا رہا ہے اور کئی مواقع پر یہ درست ثابت نہیں ہوئے ہیں۔
پڈوچیری میں، ایکسیس مائی انڈیا نے این ڈی اے کے لیے۱۶ تا۲۰سیٹیں اور ڈی ایم کے-کانگریس کے لیے۶ تا۸سیٹوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اس نے کہا کہ ٹی وی کے کو اسمبلی میں۲تا۴سیٹیں مل سکتی ہیں۔ پڈوچیری میں کل۳۰ منتخب نشستیں ہیں۔
پانچوں اسمبلیوں مغربی بنگال، تمل ناڈو، پڈوچیری، کیرالم اور آسام کے لیے ووٹوں کی گنتی۴ مئی کو کی جائے گی۔آسام، کیرالم، پڈوچیری اور تمل ناڈو میں ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہوئی، جبکہ مغربی بنگال میں۲۳؍اور۲۹؍اپریل کو دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی۔
۹ ؍اپریل کو آسام، کیرالم اور پڈوچیری میں پولنگ ہوئی۔ آسام اور پڈوچیری نے بالترتیب۸۵ء۳۸ فیصد اور۸۹ء۸۳فیصد ووٹنگ کے ساتھ اپنی تاریخ کی بلند ترین شرکت درج کی۔
تمل ناڈو میں۲۳؍اپریل کو مغربی بنگال کے پہلے مرحلے کے ساتھ پولنگ ہوئی، جہاں۸۴ء۶۹ فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی، جو آزادی کے بعد اسمبلی انتخابات میں سب سے زیادہ ہے۔مغربی بنگال میں پہلے مرحلے میں۹۱ء۷۸فیصد کی ریکارڈ ووٹنگ درج کی گئی تھی۔
جہاں بی جے پی آسام اور پڈوچیری میں اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے، وہیں کانگریس ان دونوں مقامات پر اپنے حریف سے اقتدار چھیننے کی کوشش میں ہے۔
کیرالم میں کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف، برسر اقتدار ایل ڈی ایف حکومت کو ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ تمل ناڈو میں ڈی ایم کے اتحاد اقتدار برقرار رکھنے کے لیے اے آئی اے ڈی ایم کے-بی جے پی اور نئی پارٹی تملگا ویتری کڑگم (جس کی قیادت اداکار سے سیاست دان بننے والے وجے کر رہے ہیں) کے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے۔
ممتا بنرجی کی قیادت والی ٹی ایم سی مغربی بنگال میں اقتدار برقرار رکھنے اور بی جے پی کے چیلنج کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ (ایجنسیاں)










