سرینگر: حکام نے پیر کے روز پیر کی گلی میں تازہ برفباری کے پیش نظر مغل روڈ پر تمام قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے، حکام نے بتایا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ٹریفک نے کہا کہ یہ فیصلہ خراب موسمی حالات اور بلند پہاڑی درّے پر برف جمع ہونے کے باعث کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سڑک پر آمد و رفت غیر محفوظ ہو گئی ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک نے کہا، ’’پیر کی گلی میں تازہ برفباری کے باعث مغل روڈ پر تمام ٹریفک فوری طور پر بند کی جاتی ہے۔ یہ پابندی اگلے احکامات تک برقرار رہے گی۔‘‘
مغل روڈ کشمیر وادی کو جموں خطے کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ سے جوڑنے والی ایک اہم شاہراہ ہے۔ یہ سڑک موسمِ سرما کے دوران بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور پھسلن کی صورتحال کے باعث اکثر بند رہتی ہے۔
ٹریفک حکام نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری طور پر سڑک کھولنے کے اعلان تک مغل روڈ پر سفر کا منصوبہ نہ بنائیں۔ موسم اور سڑک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹریفک کی بحالی سے متعلق مزید جانکاری فراہم کی جائے گی۔
دریں اثنا، ملحقہ علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، کیونکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
اس دوران جموں سرینگر لیہہ میں بھاری برف باری کے نتیجے میں ائیر لائنز نے اپنے تمام فلائٹ آپریشنزعارضی طور پر معطل کر دئے ہیں۔
انڈیگو ائیر لائنز کی طرف سے جاری ایک ٹریویل ایڈوائزری میں کہا گیا’’ لیہہ میں برف باری کی وجہ سے پروازوں کی آمد و رفت (ٹیک آف اور لینڈنگ) دونوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں جہاز کے اندر اور زمین پر انتظار کا دورانیہ بڑھ گیا ہے ‘‘۔
انہوں نے کہا’’روانگی کی اجازت ملتے ہی پرواز کے لئے تیار رہنے کے مقصد سے ہماری ٹیم پیشگی طور پر بورڈنگ کی کارروائیاں مکمل کرسکتی ہے ‘‘۔
ایڈوائزری میں کہا گیا’’ ہم موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات بہتر ہوتے ہی مسافروں کو منزل کی طرف روانہ کیا جائے گا‘‘۔
ایڈوائزری میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے پر جانے سے قبل تازہ ترین پرواز کا اسٹیٹس معلوم کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لیہہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے اور گذشتہ۲۴گھنٹوں کے دوران خطے میں برف باری ہوئی ہے ۔










