سرینگر: بڈگام پولیس نے ضلع میں غیر مجاز ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے۲۴؍افراد کی نشاندہی کی ہے ، جبکہ دو افراد کے خلاف دہشت گردی سے متعلق پس منظر کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔
یہ کارروائی ضلع انتظامیہ کی جانب سے۲۹دسمبر۲۰۲۵ کو جاری کی گئی پابندیوں کے تحت کی گئی، جن میں غیر مجاز وی پی این کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق۲۹دسمبر سے۲جنوری تک جاری رہنے والی تکنیکی نگرانی اور تصدیقی مہم کے دوران یہ افراد وی پی این استعمال کرتے ہوئے پائے گئے ۔
تحقیقات اور تکنیکی جانچ کے بعد ان میں سے دو افراد کے خلاف دہشت گردی سے متعلق مشتبہ پس منظر کی وجہ سے مقدمات درج کیے گئے ، جنہیں پولیس نے انکرپٹڈ پلیٹ فارمز کے غلط استعمال سے ممکنہ سیکورٹی خطرات قرار دیا۔
اس کے علاوہ۱۸سے۴۰برس کی عمر کے گیارہ افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جنہیں بھارتیہ نگریِک سرکشا سنہیتا کی دفعات۱۲۶؍اور۱۷۰کے تحت پابند کیا گیا اور بعد میں سخت انتباہ کے ساتھ رہا کر دیا گیا۔
پولیس نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی نظم و نسق برقرار رکھنے ، سیکورٹی خطرات سے نمٹنے اور انتظامیہ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے کارروائی جاری رہے گی۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وی پی این یا کسی بھی ممنوعہ آن لائن سروس کا استعمال نہ کریں اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل طرزِ عمل اختیار کریں۔










