جموں: جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں۲۰۲۵کے دوران پولیس نے۳۹اوورگراؤنڈ ورکروں کی شناخت کی اور۱۸؍افراد کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کیس درج کیا، جو علاقے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔
کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہیتا شرما نے سالانہ کرائم رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال کے دوران چار دہشت گردی سے متعلق مقدمات درج کیے گئے ، جن میں سات افراد گرفتار ہوئے جبکہ دو دہشت گرد ہلاک کیے گئے ۔
موہیتا شرما نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع میں دہشت گردی سے منسلک نیٹ ورکس کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی‘۳۹معاونین کی شناخت ہوئی اور۱۸ کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سینئر پولیس آفیسر نے کہا کہ ایک اہم پیش رفت ڈرون ڈراپنگ کیس میں ہوئی، این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۴۴۷گرام ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا اور اب تک آٹھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔
سائبر کرائم کے حوالے سے ایس ایس پی نے بتایا کہ کٹھوعہ پولیس نے تقریباً۴کروڑ روپے کی رقم برآمد کر کے شکایت کنندگان کے حوالے کی۔
آنے والے سال کے لیے ترجیحات بیان کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ۲۰۲۶کو پولیس کے لیے ٹیکنالوجی کا سال قرار دیا جائے گا، جس میں جرم کی شناخت اور تحقیقات میں جدید ہائی ٹیک اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹمز پر زیادہ انحصار کیا جائے گا۔









