چنڈی گڑھ، 9 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے وسیع نقصان کا جائزہ لینے کے لیے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
منگل کی سہ پہر گرداس پور پہنچنے پر مسٹر مودی کا پنجاب بی جے پی مہیلا یونٹ کی صدر جیئندر کور نے استقبال کیا۔ مسٹر مودی نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گرداسپور کے ٹبڈی کینٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ گورنر گلاب چند کٹاریہ، پنجاب کے وزیر زراعت گرمیت سنگھ کُھڈیاں، کابینہ کے وزیر گردیپ سنگھ منڈیاں، پنجاب بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر سنیل جاکھڑ، ریاستی ورکنگ صدر اشونی شرما، سابق مرکزی وزیر وجے کمار سانپلا، پنجاب کے سابق وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال، بی جے پی کے قومی ایگزیکٹو ممبر ترون چغ اور کئی دیگر اعلیٰ عہدیدار میٹنگ میں موجود رہے ۔
وزیر اعظم نے سیلاب متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کی اور این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور دیگر امدادی کارکنوں سے بھی بات کی۔
موہالی کے ایک اسپتال میں زیر علاج وزیر اعلی بھگونت مان نے مسٹر مودی سے ملاقات کے لئے تین وزراء کا ایک وفد بھیجا ہے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں، مسٹر مان نے وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ریاست کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے لیے مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں کہا، ‘میری طبیعت ٹھیک نہیں، ورنہ میں وزیر اعظم کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران ان کے ساتھ ہوتا۔ مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم اس قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کے لیے پنجاب اور پنجابیوں کے لیے معاوضے کا اعلان کریں گے ۔’
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی زیر قیادت پنجاب حکومت نے بڑے پیمانے پر نقصانات سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت سے 80,000 کروڑ روپے کے ریلیف پیکیج کی درخواست کی ہے ۔
پنجاب کے وزیر خزانہ ہرپال چیمہ نے مرکزی حکومت سے 60,000 کروڑ روپے زیر التواء اشیااور خدمات ٹیکس(جی ایس ٹی) کے واجبات کے طور پر جاری کرنے اور سیلاب سے بحالی کے لیے 20,000 کروڑ روپے کا اضافی خصوصی امدادی پیکیج فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔ ریاستی وزیر امن اروڑا نے زور دے کر کہا کہ پنجاب وزیر اعظم کے دورے کا خیرمقدم کرتا ہے لیکن متاثرین کی مدد کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکج کی صورت میں ٹھوس کارروائی کی توقع رکھتا ہے ۔
اس سے قبل 5 ستمبر کو مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں، بشمول امرتسر، گرداسپور اور کپورتھلہ کا دورہ کیا تھا۔ گورنر گلاب چند کٹاریا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران چوہان نے سیلاب کے لیے غیر قانونی کان کنی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی کان کنی نے دریاؤں اور نہروں کے پشتے کمزور کر دیے ہیں جس کی وجہ سے سیلابی پانی رہائشی اور زرعی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسٹر مودی کے دہلی واپس آنے پر انہیں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب اس وقت کئی دہائیوں کے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں میں سے ایک کا سامنا کر رہا ہے ۔ تباہ کن سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد 51 ہو گئی ہے جبکہ 1.84 لاکھ ہیکٹر سے زیادہ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ ریاست میں سیلاب کی وجہ سے اب تک 3,87,898 سے زیادہ لوگ براہ راست بے گھر ہوچکے ہیں اور سیلاب سے متاثرہ تمام 23 اضلاع کے 2,050 گاؤں میں 20 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جس سے ریاست کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ پنجاب حکومت اب تک سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں سے 22,938 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے 219 ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں۔ ان کیمپوں میں کل 5,404 افراد کو جگہ دی گئی ہے ۔ ریاست کے کئی اضلاع میں اب تک کل 176,980.05 ہیکٹر فصل کا رقبہ متاثر ہوا ہے ۔ سیلاب کی وجہ سے اب تک 48 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ پٹھان کوٹ ضلع میں تین افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔










