نئی دہلی// کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے جمعہ کو سوامی وویکانند کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کٹّرپن کے بارے میں اُن کے خیالات اب بھی قابل غور اور بہت اہم ہیں۔
مسٹر کھرگے نے کہا کہ عظیم مفکر، جنہوں نے ہندوستانی تہذیب و ثقافت کو پوری دنیا میں شہرت دلائی اور لاکھوں نوجوانوں کو راغب کرنے و الے سوامی وویکانند کے یوم وفات پردلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
امریکہ میں شکاگو کی پارلیمنٹ آف ریلیجنز میں 1893 میں کی گئی اپنی تاریخی تقریر کے کچھ حصوں کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے لکھا، ‘‘فرقہ واریت، کٹّرپن اور خوفناک عقیدہ پرستی نے طویل عرصے سے کرۂ ارض کو اپنی گرفت میں لیا ہوا ہے ۔ انہوں نے زمین کو تشدد سے بھر دیا ہے ۔ یہ زمین کتنی بار خون سے سرخ ہو چکی ہے ؟ کتنی ہی تہذیبیں تباہ ہو چکی ہیں اورکتنے ہی ملک برباد ہوچکے ہیں۔ اگر یہ خوفناک دیو نہیں ہوتے تو آج انسانی معاشرہ بہت ترقی یافتہ ہوتا، لیکن اب ان کا وقت ختم ہو چکا ہے ۔مجھے پوری امید ہے کہ آج کی اس کانفرنس کی آواز سبھی قسم کے کٹرپن،اختلاف، چاہے تلوار سے ہو یا قلم سے اور تمام انسانوں کے بیچ بدخواہی کو ختم کر دے گی۔”
انہوں نے کہا کہ سوامی وویکانند نے اپنی مختصر زندگی میں انسانیت کو روحانی ترقی، رواداری اور مساوات جیسی اہم باتوں سے روشناس کرایا اور ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک الگ شناخت دلائی۔