نئی دہلی// دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو کہا کہ درخت صرف ماحول کو صاف ستھرا بنانے تک محدود نہیں ہیں، بلکہ آنے والی نسلوں کو صاف ہوا فراہم کرنے والے زندہ محافظ ہیں۔
محترمہ گپتا نے آج پی بی جی گراؤنڈ، دہلی رج سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے دہلی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، محلوں، اسکولوں، دفاتر اور کمیونٹی کی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق دہلی کا ماحول نہ صرف حکومت کی ذمہ داری ہے بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہاکہ "میں نے اپنی ماں کے نام پر ایک درخت لگایا، وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کی گئی ‘ایک پیڑ ماں کے نام’ مہم کے جذبے کو شامل کرتے ہوئے ‘ایک پیڑ ماں کے نام 2.0’ مہم جیسے پروگراموں میں پچھلی حکومتوں نے نہ تو شرکت دکھائی اور نہ ہی کبھی دہلی کے ماحول کے بارے میں فکر مند رہی۔ دہلی حکومت کے ذریعہ سال 2025 میں منعقد ہونے والے اس ون مہوتسو کو ہر شہری کی شرکت کو مرکز میں رکھ کر تیار کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ "درخت صرف ماحول کو صاف ستھرا بنانے تک محدود نہیں ہیں، بلکہ وہ ہماری آنے والی نسلوں کو صاف ہوا فراہم کرنے والے زندہ محافظ ہیں۔ اس جذبے کو ذہن میں رکھتے ہوئے دہلی حکومت نے اس سال 70 لاکھ سے زیادہ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔” انہوں نے دہلی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس عوامی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور درختوں کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں۔